کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کورونا وبا کے بیچ مشترکہ داخلہ امتحان (جے ای ای) اور قومی اہلیت کے داخلہ امتحان (نیٹ) کے انعقاد کو طلبا کی زندگیوں کے ساتھ کھلواڑ بتاتے ہوئے لوگوں سے ’’اسپیک اپ‘‘ سے جڑ کر ان کی (طلبا کی) آواز بننے اور حکومت پر امتحان ملتوی کرنے کے لئے دباؤ بنانے کی اپیل کی ہے۔
مسٹر گاندھی نے جمعہ کو ٹوئٹ کرکے کہا کہ ’’لاکھوں طلبا کے ساتھ اپنی آواز ملایئے۔ اسپیک اپ فار اسٹوڈنٹس سیفٹی آج 10 بجے سے۔ آیئے، حکومت سے طلبا کی بات سننے کا مطالبہ کریں‘‘۔
اس کے ساتھ ہی کانگریس پارٹی نے بھی اپنے ٹویٹر ہینڈل پر کہا ’’کورونا کی وبا میں نیٹ اور جے ای ای امتحانات کرانے کا فیصلہ طلبا کو کورونا کےے خطرے میں دھکیل رہا ہے۔ طلباء و طالبات کا ذہنی تناؤ بڑھتا جارہا ہے، بی جے پی حکومت طلبا کی طاقت کی آواز سن کر فیصلہ کرے‘‘۔