کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی نے مہاجر مزدوروں سے رقم وصول کرنے کے سلسلے میں مرکزی حکومت پر نشانہ سادھا ہے۔ جو کووڈ 19 لاک ڈاؤن کے دوران اپنے آبائی علاقوں کو واپس جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے انڈین ریلوے کے ساتھ ہی وزیر اعظم-کیئر فنڈ میں 151 کروڑ روپئے کی امدادی رقم وصول کرنے کی اطلاعات پر بی جے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور حکومت سے کہا کہ 'اس پہیلی کو حل کریں'۔
گاندھی نے کہا کہ 'ریلوے، مزدوروں پر ریل ٹکٹ کے بھاری اخراجات عائد کررہا ہے۔ جب کہ اسی وقت وزیر اعظم کیئر فنڈ میں کروڑوں کا عطیہ دیا جارہا ہے'۔
کانگریس نے اس سے قبل کہا تھا کہ اس کی ریاستی یونٹ کورونا وائرس لاک ڈاؤن کی وجہ سے اپنے آبائی مقامات جانے کے خواہش مند مزدوروں کے ریل سفر کے اخراجات برداشت کرے گی۔
واضح رہے کہ ریلوے نے طلبہ، مزدوروں، زائرین اور سیاحوں کو ملک بھر میں پہنچانے کے لئے شرمک اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
چالیس دن بعد یکم مئی 2020 کو تلنگانہ سے جھارکھنڈ جانے والی پہلی شرمک اسپیشل ٹرین شروع ہوئی۔
تب سے اب تک ریلوے نے ریاستی حکومتوں کی درخواست پر 25 سے زیادہ ایسی ٹرینیں چلائی ہیں۔ اس سے قبل ریلوے نے کہا ہے کہ وہ شرمک خصوصی ٹرین کے ٹکٹوں کے لئے ریاستی حکومتوں سے چارج کررہی ہے۔
واضح رہے کہ وبائی امراض کے ابتدائی مراحل میں بیرون ملک پھنسے ہوئے بھارتیوں کو وزارت خارجہ کے ذریعہ بلا معاوضہ وطن واپس لایا گیا تھا، جس میں حکومت نے صحت سے متعلق چیک اپ اور ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا تھا اور اس کی ادائیگی کی تھی۔