لال قلعہ اور منڈی ہاؤس سے شہید پارک کی طرف مارچ کرنے والے سینکڑوں مظاہرین کی گرفتاری کے بعد جنتر منتر پر مظاہرین کافی تعداد میں جمع ہورہے ہیں۔
دارالحکومت دہلی میں آج صبح کی شروعات کافی ہنگامہ خیز رہی۔ شہریت قانون کے خلاف مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے، جس کے مدنظر پولیس نے تقریبا 20 میٹرو اسٹیشن کے ساتھ ساتھ مختلف مقامات کی سڑکیں بند کردیں اور سینکڑوں مظاہرین کو حراست میں لے کر انہیں دور دراز علاقوں میں چھوڑ کر منتشر کرنے کی کوششیں کی جس کے بعد مظاہرین کا ہجوم جنتر منتر کی طرف بڑھا۔
مظاہرین ایک بجے کے آس پاس جنتر منتر پر جمع ہونا شروع ہوئے جو دیکھتے ہی دیکھتے انسانی ہجوم میں بدل گیا۔ بڑی تعداد میں لڑکیاں اور طلبا نظر آئے جس میں کئی اہم سیاسی شخصیات بھی موجود ہیں۔
جنتر منتر پر بھی کسی طرح کا ماحول خراب نہ ہونے پائے جس کی وجہ سے کافی زیادہ تعداد میں پولیس کو تعینات کیا گیا ہے۔