جی این سی ٹی ڈی کے خلاف دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے بدھ کو اپنے کابینی وزراء اور عآپ کے ہزاروں کارکنان کے ساتھ جنتر منتر پر احتجاج کیا۔ عآپ کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیجریوال نے کہا کہ دہلی کے عوام کے حقوق کے لیے جد و جہد جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ بھگت سنگھ، چندر شیکھر آزاد، اشفاق اللہ خان، ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر، سبھاش چندر بوس نے قربانی اسی لیے دی تھی کہ انگریزوں کے جانے کے بعد جمہوری نظام کا قیام ہوگا اور عوام کی حکومت ہوگی۔ لیکن انہوں نے ایسا نہیں سوچا تھا کہ ملک میں آزادی کے 75 سال بعد ایک ایسی سرکار آئے گی جو عوام کے حقوق چھین لے گی۔
انہوں نے مرکزی حکومت سے اپیل کی کہ وہ من مانی نہ کرے اور اس قانون کو واپس لے۔ کیجریوال نے کہا کہ دہلی کے عوام گھبرائیں نہیں، ہم ان کے لیے جدوجہد کریں گے۔ عوام کی ترقی کا کام نہیں رکنے دوں گا۔ عوام کی جو طاقت واپس چھین لی گئی ہے، اسے واپس لے کر رہیں گے۔
کیجریوال نے کہا کہ سنہ 2015 میں دہلی اسمبلی کے انتخابات ہوئے تو عوام نے عآپ کو منتخب کیا۔ پھر سنہ 2020 میں انتخابات ہوئے عوام نے 70 میں سے 62 سیٹوں پر کامیاب کیا۔ اس کے بعد ایم سی ڈی انتخابات ہوئے جس میں عوام نے بی جے پی کو صفر سیٹ دی۔ دہلی کے عوام صاف طور پر کہہ رہے ہیں کہ ہم کو بی جے پی نہیں چاہیے، ہم کو عام آدمی پارٹی چاہیے۔
وزیر اعلی نے کہا کہ ' مودی جی کا ایک ہی منتر ہے 'نہ وکاس کروں گا، نہ کسی کو وکاس کرنے دوں گا'۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی والے عوام کو نہیں مانتے، جمہوریت کو نہیں مانتے، آئین اور سپریم کورٹ کو بھی نہیں مانتے ہیں۔'
انہوں نے کہا کہ دہلی کے عوام کے سامنے اب 2 کام ہیں۔ پہلا یہ کہ اقتدار عوام کے ہاتھوں میں واپس لے کر رہیں گے اور دوسرا ترقی کا کوئی بھی کام رکنے نہیں دیں گے۔'
وہیں، دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سیسودیا نے کہا کہ یہ قانون صرف دہلی حکومت کی طاقت کو روکنے کا قانون نہیں بلکہ کیجریوال کے ماڈل آف گورننس کو اترپردیش، پنجاب، گجرات اور اتراکھنڈ میں روکنے کا قانون بھی ہے۔
عآپ دہلی کے کنوینر گوپال رائے نے کہا کہ دہلی کے لوگ ڈرے ہوئے ہیں کہ اگر کیجریوال حکومت سے طاقت چھین کر ایل جی کے پاس چلی جائے گی تو بجلی، پانی کی سہولت بند ہوجائے گی، فری ہیلتھ سیوا اور خواتین کا بس میں فری سفر بھی بند ہوجائے گا، گوپال رائے نے کہا کہ بی جے پی کی مرکزی حکومت پارلیمنٹ میں ایک ترمیمی بل لا کر دہلی حکومت کو کمزور کرنے کی سازش کررہی ہے۔