بھارتی خلائی تحقیقی ایجنسی (اسرو) نےوزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ چندریان 2کا مشاہدہ کرنے کے لیے طلبہ کو شرکت کی دعوت دی ہے ۔
اسرو نے کہا کہ خلائی پروگرام پر بیداری میں اضافہ کے لئے آن لائن کوئز مقابلہ اسرو کی جانب سے MyGov.inکے اشتراک سے 10 تا 20 اگست منعقد کیاجائے گا۔توقع ہے کہ چندریان 2، اگست کی 20تاریخ کو چاند پر پہنچے گا۔
کوئز مقابلہ کے بارے میں اس نے کہا کہ ہر شریک کو MyGov.in پر اپنا انفرادی اکاونٹ بنانا ہوگا تاکہ کوئز مقابلہ میں حصہ لیاجاسکے۔
ہر شریک کو 5منٹ کی اس کوئز میں صرف ایک مرتبہ ہی حصہ لینے کی اجازت رہے گی۔اس کوئز میں زیادہ سے زیادہ 20سوالات کے جوابات دیئے جاسکتے ہیں۔
کوئز کا آغاز ہونے کے بعد اس کو روکا نہیں جائے گا اور شرکا کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ آخری لمحہ کے تکنیکی مسائل سے بچنے کے لئے کوئز کی پہلے ہی سے تیاری کریں۔اس کوئز میں صرف ہندوستانی شہری حصہ لے سکتے ہیں۔ہر شریک کو شرکت کا ایک سرٹیفکیٹ دیاجائے گاجو Quiz platform MyGov.in کے ڈاون لوڈ سکشن سے ڈاون لوڈ کیاجاسکتا ہے۔
ویب سائٹ کو لاگنگ کرنے کے بعد ہی ڈاون لوڈ سکشن نظر آئے گا۔ہر ریاست اور مرکزی زیر انتظام علاقہ کے ٹاپ اسکورنگ کرنے والے (صرف آٹھویں تا دسویں)طلبہ کو اسرو کے بنگالورو سنٹر پر مدعو کیاجائے گا تاکہ چندریان 2کے چاند کی سطح پر اترنے کا راست مشاہدہ وزیراعظم کے ساتھ کیاجاسکے۔زیادہ سے زیادہ سوالات کا مختصر وقت میں جواب دینے والے طلبہ کو منتخب کیا جائے گا۔واضح رہے کہ 22جولائی کو چندریان 2کو چھوڑا گیا تھا۔