نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ منی پور میں جاری تشدد پر وزیر اعظم نریندر مودی کی غیر موجودگی میں مرکزی حکومت کی طرف سے آل پارٹی میٹنگ بلانے کا کوئی فائدہ نہیں ہے اور اس سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ وزیر اعظم کی غیر موجودگی میں ہونے والی میٹنگ کے لیے مسٹر مودی پر حملہ کرتے ہوئے کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہاکہ"منی پور 50 دنوں سے جل رہا ہے، لیکن وزیر اعظم خاموش رہے۔ آل پارٹیز اجلاس اس وقت بلایا گیا جب وزیراعظم خود ملک میں نہیں تھے۔ صاف ظاہر ہے کہ یہ ملاقات وزیر اعظم کے لیے اہم نہیں ہے۔‘‘
مزید پڑھیں: Patna Opposition Meeting اگر ہم بہار جیت گئے تو پورے بھارت میں جیت جائیں گے، راہل گاندھی
اس دوران کانگریس کے کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج جے رام رمیش نے کہا کہ منی پور 51 دنوں سے جل رہا ہے اور جب وزیر اعظم غیر ملکی دورے پر ہیں تو وزیر داخلہ امت شاہ کی صدارت میں منی پور تشدد پر ایک میٹنگ بلائی جا رہی ہے، جن کے تین دنوں کے منی پور دورے کا کوئی اثر نہیں ہوا اور تشدد جاری رہا۔ انہوں نے کہا کہ حیرت کی بات ہے کہ منی پور میں لاتعداد لوگوں کو بے گھر کر دیا گیا ہے اور تشدد میں بہت سے لوگ مارے گئے ہیں لیکن وزیر اعظم نے اس پر اپنی خاموشی نہیں توڑی۔ اب 24 جون کو آل پارٹی میٹنگ بلائی گئی ہے، جبکہ مسٹر شاہ تشدد کو روکنے میں مکمل طور پر نااہل ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کی سربراہی میں اجلاس بلانے کا کوئی جواز نہیں ہے اور اس سے کوئی حل نہیں نکلے گا۔
یو این آئی