صفائی اور میونسپل کارپوریشن کے تعلق سے مقامی لوگوں کی رائے بھی مختلف ہے۔ مقامی لوگوں کا ماننا ہے کہ' وارڈ کونسلر واجد خان کی لاپروائی کی وجہ سے یہاں کی ہر گلی اور محلے میں گندگی کا انبار لگا رہتا ہے Shaheen Bagh Become Garbage Dump۔ مقامی لوگوں کا یہ بھی الزام ہے کہ میونسپل کارپوریشن کی گاڑیاں کوڑا اٹھانے کے لیے شاذ ونادر ہی آتی ہیں اور جب آتی بھی ہیں تو مین شاہراہوں سے گندگی اٹھاکر چلی جاتی ہیں جب کہ اندر کی گلیوں کا اس سے بھی برا حال ہے۔
شاہین باغ کے رہنے والے نسیم احمد نے بتایا کہ وہ اس علاقہ میں تقریباً 20 برس سے رہتے ہیں، یہاں صفائی نام کی کوئی چیز نہیں ہے، اب تک جتنے بھی کونسلر بنے ہیں کسی نے بھی صفائی کے تعلق سے دلچسپی نہیں دکھائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کے موجودہ کونسلر واجد خان بھی علاقے کی صفائی کرانے کے معاملے لاپرواہ ہیں۔ ان کی لاپروائی کی وجہ سے شاہین باغ کی کوئی بھی گلی ایسی نہیں ہے جہاں گندگی نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ جن گلیوں میں صفائی ہے وہ وہاں کے لوگوں کی مستعدی اور نجی پیسے خرچ کرنے کی وجہ سے ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ جس گلی میں ہے وہاں مقامی کونسلر کی طرف سے کوئی صفائی کا نظم نہیں ہے، ہم لوگ ڈیڑھ دو سو روپے جمع کرکے گلی کی صفائی کرواتے ہیں اس کے علاوہ گھر کے کوڑا اٹھانے کے لیے بھی الگ سے پیسے خرچ کرنے پڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب الیکشن کا وقت آنے والا ہے صفائی نہ ہونے کی وجہ سے علاقے کے لوگ ان سے ناراض ہیں۔
شاہین باغ ایف بلاک کے بزرگ شخص اور صحافی سلطان احمد نے بتایا کہ صفائی کے معاملے میں کچھ ہماری بھی غلطی ہے کہ کوڑے ہم سڑکوں پر ڈال دیتے ہیں، علاقے کے کونسلر کو ہم نہیں جانتے لیکن وہ عوامی نمائندے ہیں انہیں علاقے کی صفائی کے بارے میں مستعد رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کونسلر مستعد رہے تو دہلی کے پاش علاقوں کی طرح یہ علاقہ بھی صاف ستھرا نظر آئے گا۔'
مزید پڑھیں:
واضح رہے کہ دہلی کے شاہین باغ میں 70 فیصد لوگ تعلیم یافتہ ہیں اور یہاں عام آدمی پارٹی کا غلبہ ہے یہاں کے رکن اسمبلی امانت اللہ خان ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ سیاست میں بلڈر مافیا سرگرم ہونے کی وجہ سے عوامی مسائل کی طرف کوئی خاص دھیان نہیں ہے۔