کورونا معاملے میں سیاست سے متعلق سوال پر چودھری انل کمار نے کہا کہ سوالات اٹھانا سیاست نہیں ہے۔ لاک ڈاؤن کے پہلے دن سے ہی دہلی کانگریس عام لوگوں کی آواز بلند کررہی ہے اور ان تک ہر طرح کی مدد بھی فراہم کر رہی ہے۔ سیاست عام آدمی پارٹی اور بی جے پی کررہی ہے۔ اگر عام آدمی برطانوی حکمرانی کے دوران سوالات نہ اٹھاتا تو شاید ہمارا ملک خود مختار نہ ہوتا۔
چودھری انل کمار نے کہا کہ پہلے دن سے ہی دہلی پردیش کانگریس مطالبہ کر رہی ہے کہ تمام لوگوں کی اسکریننگ کی جائے۔ آج کی کل جماعتی میٹنگ کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ دہلی میں جانچ کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ اس ملاقات کے دوران دہلی حکومت کی جانب سے یہ یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ 20 جون تک دہلی میں جانچ کی تعداد 18000 ہوجائے گی اور اسی تناسب میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ دہلی کانگریس پہلے دن سے ہی دہلی میں جانچ کی تعداد میں اضافہ کرنے کا مشورہ دے رہی ہے اور آج کی میٹنگ میں اس معاملے پر اتفاق رائے ہوا ہے۔
چودھری انل کمار نے بتایا کہ اس میٹنگ کے دوران محکمہ صحت اور آئی سی ایم آر کی جانب سے ایک نئے ٹیسٹنگ کٹ کے تعلق سے بھی بتایا گیا ہے۔ جس میں نتیجہ 15 منٹ کے اندر آتا ہے۔ تاہم ابھی تک اس مشین کے بارے میں مکمل معلومات نہیں دی گئیں۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ اس مشین کی قیمت 450 روپے ہے اور 15 منٹ میں اس مشین کے ذریعے رپورٹ مل رہی ہے۔