گائے کی فلاح و بہبود کے لئے قائم کی جانے والی سرکاری تنظیم راشٹریہ کامدھینو آیوگ (آر کے اے) نے اعلان کیا ہے کہ قومی سطح پر 25 فروری کو ’گائے سائنس ‘ آن لائن امتحانات منعقد کرے گی۔ امتحان کے لئے کوئی فیس نہیں لی جائے گی۔
کامدھینو کمیشن کے چیئرمین ولبھ بھائی کتھیریا نے بتایا کہ کامدھینو گو سائنس پروموشن امتحان (کامدھینو گو وگیان پرچار پرسار ایگزام ) کا انعقاد کیا جائے گا۔ طلباء اور عوام کے درمیان بیداری پیدا کرنے کے لئے یہ امتحان 25 فروری 2021 کو ہوگا۔ یہ امتحان آن لائن لیا جائے گا ۔اس امتحان میں گائے سے متعلق 100 سوالات پوچھے جائیں گے۔ یہ سوالات ہندی ، انگریزی اور اردو سمیت 12 مقامی زبانوں میں پوچھے جائیں گے۔اردو میں اس کا نصاب بھی تیار ہے۔
امتحانات کے پرچہ کی 4 قسمیں ہوں گی اور تمام 100 سوالات کے حل کے لئے 1 گھنٹہ دیا جائے گا۔اس امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والوں کو سرٹیفیکیٹ اور انعامات دیے جائیں گے۔
ولبھ بھائی کتھیریا کہتے ہیں کہ گائے مکمل طور پر ایک سائنس ہے اور لوگوں کو اس سائنس کے بارے میں جانکاری حاصل کرنی چاہئے۔کتھیریا نے اس بات کی تردید کی ہے کہ اس امتحان کا سیاسی یا ہندوتوا کے ایجینڈا سے کوئی تعلق ہے۔
واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے دو سال قبل 6 فروری 2019 کو قومی کامدھینو کمیشن قائم کیا تھا۔ یہ کمیشن ماہی گیری، جانور پالنے اور ڈیری کی وزارت کے تحت آتا ہے۔ اس کمیشن کا بنیادی کام گائے، گوبر اور گائے کے پیشاب کے تجارتی استعمال کو فروغ دینے سمیت گائے اور بچھڑوں کی تحفظ، جانوروں کی مختلف اقسام کی حفاظت اور ان کو فروغ دینا ہے۔
نیشنل کامدھینو کمیشن (راشٹریہ کامدھنو ایوگ) کا کہنا ہے کہ گائے صرف دودھ دینے والا جانور نہیں ہے بلکہ چار پیروں پر ایک مکمل سائنس ہے۔ کمیشن کا دعویٰ ہے کہ گائے مرکزی حکومت کے 5 ٹریلین معاشی خوابوں کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔
واضح رہے کہ اس امتحان کے لیے آن لائن رجسٹریشن 14 جنوری سے 20 فروری تک ہوگا، اور امتحان کے نتائج 25 فروری کو ہی اعلان کردیا جائے گا۔