نئی دہلی: مرکزی وزیر برائے صحت اور خاندانی بہبود ڈاکٹر ہرش وردھن نے آج کہا ہے کہ 'آئندہ تین ماہ کے اندر ملک میں کورونا کے نمونوں کی جانچ کی صلاحیت بڑھ کر یومیہ 10 لاکھ ہو جائے گی۔
ڈاکٹر ہرش وردھن نے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) نئی دہلی میں نئی او پی ڈی عمارت ’راجکماری امرت کور کے او پی ڈی‘ کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ مرکز اور ریاستوں کی مشترکہ کوششوں سے ملک جلد ہی کورونا سے جنگ جیت لے گا۔
انہوں نے کہا کہ 'ملک بھر میں کورونا جانچ کرنے والی لیبز کی تعداد روز بروز بڑھتی جارہی ہے۔ جنوری 2020 میں ملک میں صرف ایک لیب میں کورونا نمونوں کی جانچ کی جاتی تھی ، لیکن اب یہ تعداد بڑھ کر 1،234 ہوگئی ہے۔ کورونا کے نمونوں کی جانچ کی تعداد بڑھ کر 3.26 لاکھ نمونے یومیہ ہوگئی ہے۔ آئندہ 12 ہفتوں میں یہ تعداد بڑھ کر 10 لاکھ یومیہ ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا ’’ ہم تیزی سے کورونا کے خلاف جنگ جیتنے کی طرف گامزن ہیں۔ ملک میں دو فیصد سے بھی کم کورونا متاثر آئی سی یو میں ہیں۔ ملک میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور ایکٹو کیسز اور کورونا سے صحت یاب افراد کی تعداد کا فاصلہ بھی بڑھ رہا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کورونا انفیکشن پر قابو پانے کے لئے حکومت کی حکمت عملی مثبت نتائج ظاہر کر رہی ہے‘‘۔
انہوں نے او پی ڈی عمارت کا نام امرت کور کے نام پہ رکھنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مشہور مجاہد آزادی اور ملک کی پہلی وزیر صحت تھیں۔