دہلی:قابل اعتراض ریمارکس کے معاملے میں لوک سبھا کے اسپیکر کے ذریعہ تشکیل کردہ استحقاق کمیٹی کی آج میٹنگ تھی۔ میٹنگ میں بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ رمیش بدھوری کو حاضر رہنا تھا لیکن انھوں نے مصروفیات کا حوالہ دیتے ہوئے لوک سبھا کی استحقاق کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔
پارلیمنٹ کے حالیہ خصوصی سیشن میں لوک سبھا میں 'چندریان-3 کی کامیابی اور خلا کے میدان میں قوم کی دیگر کامیابیوں' پر بحث کے دوران رمیش بدھوری نے بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے رکن پارلیمنٹ کنور دانش علی کے خلاف قابل اعتراض تبصرے کیے تھے، جس نے ایوان میں ہنگامہ آرائی ہوئی اور اپوزیشن لیڈروں نے بدھوری کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔ لوک سبھا اسپیکر نے بی جے پی لیڈر کو خبردار کیا تھا کہ اگر مستقبل میں ایسا رویہ دہرایا گیا تو سخت کارروائی کی جائے گی۔ بدھوڑی کے قابل اعتراض بیان کے فوراً بعد وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے افسوس کا اظہار کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:میں رات بھر سو نہیں سکا، کنور دانش علی
بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے رکن پارلیمان کنور دانش علی نے قابل اعتراض تبصروں کے سلسلے میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمنٹ رمیش بدھوڑی کے خلاف لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا کو خط لکھ کر معاملے کو استحقاق کمیٹی کے پاس بھیجنے کی درخواست کی تھی۔