اضافی فیس ادا نہ کرنے کے سبب اسکول نے 53 بچوں کو اسکول سے باہر کا راستہ دکھا دیا ہے۔ جس کے بعد اسکول سے نکالے گیے بچوں کے سرپرستوں نے دہلی چائلڈ رائٹس پروٹکشن کمیشن کو اسکول کے خلاف شکایت کی ہے۔
بچوں کے سرپرستوں نے دستخط کرکے شکایت خط ڈی سی پی سی آر کو سونپا ہے۔ ساتھ ہی سبھی بچوں کے نام لکھ کر بھی دیے ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق اسکول کی جانب سے فیس میں من مانی طور پر اضافہ کردیا ہے جبکہ اس کے لیے ڈائریکٹر آف ایجوکیشن کی جانب سے کوئی منظوری نہیں لی گئی ہے۔ سرپرستوں نے ڈائریکٹر آف ایجوکیشن کو بھی اس کی شکایت کے لیے میل کیا ہے ابھی تک اس کا کوئی جواب نہیں ملا ہے۔
سرپرستوں کی شکایت ہے کہ امتحان آنے والے ہیں۔ ایسے میں پورے 53 بچوں کو اچانک اسکول سے نکال دینا کہاں تک صحیح ہے۔ بچوں کی تعلیم پر اس کا کتنا اثر پڑے گا۔
اسکول سے نکالے گئے بچوں میں دسویں درجے تک کے طلبہ شامل ہیں۔
فی الحال ڈی سی پی سی آر سرپرستوں کی جانب سے ملی شکایت پر جانچ کر رہی ہے۔