اترپردیش کے ضلع گوتم بدھ نگر کے ضلع مجسٹریٹ سہاس ایل وائی کے ذریعہ ٹوکیو پیرالمپکس 2020 میں چاندی کا تمغہ جیتنے پر لائف انشورنس کارپوریشن آف انڈیا ( ایل آئی سی) نے انہیں 50 لاکھ روپے کے نقد انعام سے نوازا ہے۔ نوئیڈا کے سیکٹر 27 میں واقع کیمپ آفس میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جہاں ایل آئی سی میرٹھ ڈویژن کے سینئیر ڈویژنل منیجر بھگوان سنگھ نے ضلع مجسٹریٹ کو انعامی رقم سے نوازا۔
اس موقع پر ڈی ایم سہاس ایل وائی نے ایل آئی سی کا شکریہ ادا کیا اور نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا آپ اپنے ہدف کا تعین کریں اور اس کے لیے پوری محنت کریں تب یقیناً کامیابی آپ کے قدم چومے گی۔ راہ میں مشکلات آئیں گی لیکن ہمت نہیں ہارنا چاہے۔میں نے بچپن میں کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں آئی اے ایس بنوں گا یا میں اولمپک میں میڈل جیتوں گا لیکن میں نے عزم و استقلال کا مظاہرہ کیا اور اس مقام تک پہنچا۔
انہوں نے کہا کہ سماج نے مجھے اس اعزاز سے نوازا ہے تو میں بھی سماج اور کھلاڑیوں کے لیے کچھ کرنا چاہتا ہوں۔ مجھے سرکار و دیگر اداروں کی جانب سے جو بھی انعامی رقم ملے ہیں ان میں سے کچھ رقم میں کھلاڑیوں کے لئے وقف کرتا ہوں تاکہ ان کا مستقبل سنوارنے میں کچھ تعاون کر سکوں۔
اس سے قبل اسپورٹس کمیٹی نے ڈی ایم سہاس ایل وائی کو ارجن ایوارڈ دینے کی بھی سفارش کی ہے۔ نوئیڈا کے ڈی ایم سہاس ایل وائی پیرالمپکس میں بیڈمنٹن میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے ملک کے پہلے آئی اے ایس افسر ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ملک کے پہلے آئی اے ایس ہوں گے، جنہیں ارجن ایوارڈ ملے گا۔
وہیں ایل آئی سی میرٹھ ڈویژن کے سینئیر ڈویژنل منیجر بھگوان سنگھ کا کہنا ہے کہ اس سے دوسرے کھلاڑیوں کی بھی حوصلہ افزائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں کی ہمت افزائی کرنا چاہیں گے، جو اسپورٹس کو کیریئر یا مشن بنانا چاہتے ہیں اور اگر کوئی اسپورٹس ایونٹ منعقد ہوتا ہے اور اس کے لیے میری مدد کی ضرورت ہوگی تو ایل آئی سی یقینا تعاون کرے گا۔
واضح رہے کہ ٹوکیو پیرالمپکس 2020 میں ہندوستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی بہت اچھی رہی ہے۔ ملک کے کھلاڑیوں نے سب سے زیادہ 19 تمغے جیتے ہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ تمام کھلاڑی ملک کا فخر ہیں۔ ایل آئی سی نے پیرالمپکس کے فاتح اور چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والے تمام کھلاڑیوں کو انعام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔