نئی دہلی: ملک عوام کے لیے راحت کی بات یہ ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وبا سے کسی مریض کی موت نہیں ہوئی ہے، جس کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد 5,30,707 پر مستحکم ہے اور اموات کی شرح 1.19 فیصد ہے۔ صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے بدھ کو کہا کہ صبح 7 بجے تک 220.11 کروڑ سے زیادہ ویکسین لگائی جاچکی ہیں۔ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے ایکٹو کیسز میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے اب ان کی تعداد بڑھ کر 2570 ہو گئی ہے اور ایکٹو کیسز کی شرح 0.1 فیصد ہے۔ اسی عرصے میں 187 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوئے ہیں جس کے باعث اس وبا سے صحت یاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 4 کروڑ 41 لاکھ 45 ہزار 854 ہو گئی ہے اور ملک میں صحت یاب ہونے کی شرح 98.80 فیصد ہے۔ Corona Death Cases in India
گزشتہ 24 گھنٹوں میں 11 ریاستوں اور دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا کے نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور دیگر ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ان کی تعداد کم ہوئی ہے۔ قومی راجدھانی میں کورونا انفیکشن کے دو ایکٹیو کیسز بڑھے ہیں جس کی وجہ سے اب ایکٹو کیسز کی تعداد 34 ہو گئی ہے اور اس بیماری سے نجات پانے والوں کی تعداد بڑھ کر 19,80,689 ہو گئی ہے۔ اسی عرصے میں ایک مریض کی موت کی وجہ سے ریاست میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 26,521 ہو گئی ہے۔ کیرالہ میں 16 ایکٹو کیسز کی کمی کے ساتھ ان کی تعداد کم ہو کر 1,419 ہو گئی ہے۔ کورونا وبا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 67,55,632 ہو گئی ہے اور مرنے والوں کی تعداد 71,558 پر مستحکم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Covid Vaccination in UP Hospitals یوپی کے سرکاری اسپتالوں میں ویکسین ختم، بوسٹر ڈوز کے لیے بھیڑ
کرناٹک میں کورونا انفیکشن کے 13 ایکٹو کیسز کے اضافے کے ساتھ ان کی کل تعداد 308 ہو گئی ہے۔ اس سے چھٹکارا پانے والوں کی کل تعداد بڑھ کر 40,31,494 ہوگئی ہے اور مرنے والوں کی تعداد 40,308 ہے۔ مہاراشٹر میں 23 ایکٹو کیسز کی کمی کے ساتھ ان کی کل تعداد کم ہو کر 136 ہو گئی ہے۔ اس عرصے کے دوران 45 افراد کے صحت یاب ہونے کے بعد اس سے نجات پانے والوں کی کل تعداد 79 لاکھ 88 ہزار 156 اور مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ 48 ہزار 417 ہوگئی ہے۔ راجستھان میں 12 کورونا ایکٹیو کیسز کا اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے کورونا متاثرین کی کل تعداد 60 ہو گئی ہے۔ اس وبا سے صحت یاب ہونے والوں کی کل تعداد 1305794 ہو گئی ہے اور مرنے والوں کی تعداد 9653 ہے۔ اس کے علاوہ گجرات، مرکز کے زیر انتظام علاقوں پڈوچیری، تلنگانہ اور مغربی بنگال میں کورونا کے تین تین، آندھرا پردیش میں دو اور اروناچل پردیش، چھتیس گڑھ، ہماچل پردیش، جھارکھنڈ اور منی پور میں ایک ایک کیس پایا گیا ہے۔ راحت کی بات یہ ہے کہ آسام، دادرا و نگر حویلی، دمن و دیو، لداخ، لکشدیپ، میزورم، ناگالینڈ، سکم اور تریپورہ میں کورونا کا ایک بھی فعال کیس نہیں ہے۔
یو این آئی