نربھیا ریپ اور قتل معاملہ میں تازہ موڑ آگیا ہے۔ موت کی سزا پا چُکے ایک مجرم پون گپتا نے تہاڑ جیل میں قانونی امداد فراہم کرنے والے وکیل روی قاضی سے ملنے سے انکار کردیا ہے۔
پون گپتا کی نمائندگی کے لئے عدالت کے ذریعہ مقرر کردہ ایڈوکیٹ روی قاضی 19 فروری کو تہاڑ جیل گئے تھے جہاں انہیں جیل حکام نے بتایا تھا کہ مجرم نے ان سے ملنے سے انکار کردیا ہے۔
چاروں مجرموں میں پون گپتا واحد مجرم ہے جس نے ابھی تک 'کیوریٹیو پیٹشن' داخل نہیں کی ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج دھرمیش رانا کی ایک عدالت نے 17 فروری کو تازہ ڈیٹتھ وارنٹ جاری کرتے ہوئے 3 مارچ کو مجرمین کو سزائے موت دینے کی تاریخ مقرر کی ہے۔
روی قاضی نے کہا چونکہ گزشتہ کچھ دنوں سے پون سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی تھی اس لئے قانونی امدادفراہم نہیں کی جاسکی۔
اس سے قبل پون گپتا کی نمائندگی اے پی سنگھ کر رہے تھے۔ عدالت نے ڈی ایل ایس اے کو گپتا کو دفاعی وکیل فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔