نیپال کی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں نے ہفتہ کے روز ملک کے نئے نقشے پر پیش کردہ ترمیمی بل کو منظوری دیدی ہے، اور اس نقشے میں تین بھارتی علاقوں لپولیکھ، کالاپانی اور لمپیادھورا کو نیپال کی سرزمین کا حصہ دکھایا گیا ہے۔
ترمیمی بل پر ووٹنگ کے دوران ایوان زیریں میں اپوزیشن نیپالی کانگریس اور جنتا سماج وادی پارٹی نے آئین کے تیسرے شیڈول میں ترمیم سے متعلق حکومت کے ترمیمی بل کی حمایت کی۔
حزب اختلاف کی پارٹیز بشمول نیپالی کانگریس، راشٹریہ جنتا پارٹی نیپال اور راشٹریہ پرجاتنتر پارٹی نے اس بل کی حمایت میں ووٹ دیا۔
سپیکر اگنی سپکوٹا نے ایوان میں موجود ارکان پارلیمنٹ کی دو تہائی سے زیادہ اکثریت سے بل کو منظورکرنے کا اعلان کیا۔
واضح رہے کہ اس بل پر اب قومی پارلیمنٹ کی منظوری اور صدر جمہوریہ کی مہر درکار ہے۔
اس سے قبل 20 مئی کو نیپالی کابینہ نے ایک نیا انتظامی نقشہ جاری کیا تھا، جس میں تین بھارت خطے شامل تھے۔