مشرقی دہلی کے اسمبلی حلقہ مصطفی آباد کےشیووہار علاقے میں واقع امبیکا نگر کالونی میں گزشتہ ایک برس سے راستوں کی تعمیر کا کام بند پڑا ہوا ہے اور کالونی کے لوگ اس سے کافی پریشان ہیں۔
اس تعلق سے انھوں نے اپنے حلقے کے رکن اسمبلی حاجی یونس سے اپیل کی کہ وہ شیووہار علاقے میں درپیش مسائل پر توجہ دیں جس کے بعد رکن اسمبلی حاجی یونس نے علاقے کا دورہ کیا اور وہاں کے لوگوں کے مسائل حل جلد کرنے کی یقین دہائی کی۔
واضح رہے کہ امبیکا نگر کالونی میں لاک ڈاؤن سے قبل گلیاں بنانے اور پختہ سڑکوں کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا تھا لیکن لاک ڈاؤن نافذ ہونے سے تعمیراتی کام بند کردیے گئے تھے۔
لیکن اب لاک ڈاؤن میں رعایت ہونے سے مقامی لوگوں نے عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی حاجی یونس سے مذکورہ علاقے میں دورہ کرنے کی درخواست کی جس کے انھوں نے علاقے کا دورہ کیا۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ تقریباً گزشتہ 1 برس سے علاقے کے عوام گلیاں اور پختہ سڑک کا انتظار کررہی تھی اور جب کام شروع ہوا تو لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا جس کے سبب جن گلیوں اور سڑکوں کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا تھا وہ ادھورے رہ گئے اور اس کی وجہ سے مقامی لوگوں کی پریشانی مزید بڑھ گئی تھی۔
حاجی یونس نے اس تعلق سے کہا ہے کہ ' انھیں حکومت کی جانب سے جیسے ہی فنڈ موصول ہوتا ہے تب وہ فوری طور پر گلیاں اور راستوں کی تعمیر کا کام شروع کروادیں گے'۔