قومی دارالحکومت دہلی میں کانگریس کے سینیئر رہنما آنند شرما نے ریاست مدھیہ پردیش میں تازہ سیاسی بحران پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ 'برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ہر اصول کو بالائے طاق رکھ کر جمہوریت کے خلاف کام کرنے کی عادت بنالی ہے، کیوں کہ اگر عوام نے بی جے پی کو اکثریت نہیں دی، تو وہ ارکان اسمبلی کو اغوا کرکے یا پارٹی بدلوا کر اور لالچ دے کر حکومتوں کو بے دخل کرنے کا کام کرتی ہے'۔
انہوں نے پارلیمنٹ میں پریس کانفرنس میں کہا کہ مدھیہ پردیش میں جو کیا جارہا ہے، وہ اکثریت کی اہانت ہے، جو ابھی مدھیہ پردیش میں ہورہا ہے، جبکہ اس سے پہلے کرناٹک میں ایسا ہی کیا جاچکا ہے۔
آنند شرما نے مزید کہا کہ ہم اس کے لیے بی جے پی کی مذمت کرتے ہیں، تاہم وزیراعلیٰ کمل ناتھ نے کہا ہے کہ ان کے پاس حکومت کو بچانے کے لیے اراکین اسمبلی کی تعداد ہے، جو اسمبلی میں ہی طے ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح سے اس طرح کی صورتحال پیدا کی گئی، وہ افسوسناک ہے، آنند شرما نے مزید کہا کہ 'صرف راجیہ سبھا کی کچھ سیٹ لینے کے لیے جمہوری طریقے سے منتخب حکومتوں کو بے دخل کرنا اور غیر جمہوری طریقہ سے حکومت سازی کی کوشش کرنا غیر اخلاقی بھی ہے، جو سیاسی اخلاقیات کے خلاف ہے۔