قومی درالحکومت دہلی میں کوارنٹن سینٹر کی مشقتوں اور ناکردہ گناہوں کی لعنت و ملامت جھیل رہے تمل ناڈو کے 644 جماعتیوں کو آج دوپہر تین بجے پرانی دہلی ریلوے سٹیشن سے خصوصی ٹرین کے ذریعہ ترچراپلی(تمل ناڈو) واپس بھیجا دیا گیا۔
واضح رہے کہ مرکز کا معاملہ سامنے آنے کے بعد دوہزار سے زائد لوگوں کو مرکز سے نکال کر لایا گیا تھا، جو یا تو کوارنٹین سینٹر میں رکھے گئے یا ہسپتال میں داخل کیے گئے۔
ڈیرھ ماہ بعد دہلی نے سرکار نے سبھی ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی تھی کہ تبلیغی جماعت کے اراکین کو کوارنٹین سینٹرس سے چھوڑیں، جس کے بعد سرکار کی طرف سے اس آپریشن کی ذمہ داری نوڈل افسر شری سنیل بینوال نے ادا کی۔
ان 644 میں سے605 افراد دہلی میں محبوس تھے جب کہ12، نوح، آٹھ، سہارنپور، 10، سنبھل اور نو بلند شہر میں تھے۔
جس وقت ان لوگوں کو سٹیشن سے روانہ کیا جارہا تھا وہاں جمعیۃ علماء ہند کے خدام وکارکنان اور جمعیۃ یوتھ کلب کے نوجوان خدمت کے لیے موجود تھے۔
جانے سے قبل لوگوں نے ہاتھ اٹھاکر جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی کا شکریہ ادا کیا، جن کی کوششوں سے عید سے قبل ان کے لیے وطن جانا آسان ہوسکا۔
جمعیۃ علما ہند کی طرف سے ان سبھی جماعتیوں کے لیے افطار، عشائیہ، سحری اور پانی کا مکمل نظم کیا گیا، تاہم جمعیۃ نے سبھی سیٹوں پر کھانے کی چیزیں بالترتیب پہنچائی۔
ازیں قبل ان سبھی جماعتی احباب کے لیے سفری اجازت نامہ، فوری سواری کا انتظام اور پولیس انتظامیہ کے تعاون سے ان کو مختلف سینٹرز سے پرانی دہلی پہنچانے کا عمل بھی جمعیۃ کی ٹیم نے انجام دیا، اس کے لیے باضابطہ مولانا حکیم الدین قاسمی سکریٹری جمعیۃ علماء ہند کی سربراہی میں ایک وہاٹس اپ گروپ بھی تشکیل دیا گیا ہے تاکہ جماعتی احباب کے لیے الگ الگ جگہوں سے کام کرنے والوں کو ایک ساتھ جوڑا جا سکے۔
رات سے ہی جمعیۃ کے احباب ایک دوسرے سے مسلسل رابطہ میں تھے اور ان کی نگرانی میں سبھی جماعتی احباب کو صبح سات بجے امبیڈکر سٹیڈیم جمع کیا گیا، وہاں کارروائی ہونے کے بعد ان کو پرانی دہلی لایا گیا۔
ٹرین اپنے مقررہ وقت سے ایک گھنٹہ بعد تین بج کر 13 منٹ پر روانہ ہوئی، جو 28 گھنٹے کے سفر کے بعد چینئی ہوتے ترچراپلی (ترچی) پہنچے گی۔
مولانا حکیم الدین قاسمی نے بتایا کہ جمعیۃ علماء تمل ناڈو کے ذمہ داران وکارکنان ان کا چینئی میں بھی استقبال کریں گے، جمعیۃ علماء تمل ناڈو کے جن لوگوں نے اس معاملے میں ہر طرح کی مدد کی ہے ان میں مولانا منصور کاشفی، مولانا خطیب احمد سعید، حاجی حسن چینئی، ڈاکٹر امجد، مولانا عبدالحمید، حاجی نثار احمدکے نام قابل ذکر ہیں۔
یہ جمعیۃ علماء ہند کے خدام کے لیے سعادت کی بات ہے کہ وہ اپنے جماعتی بھائیوں کی خدمت کررہے ہیں، ناظم عمومی مولانا محمود مدنی نے ان کی روانگی پر سرکار و انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے اور کہا کہ میں دعاگو ہیں کہ اللہ رب العزت ان کو صحیح سالم اپنے وطن تک پہنچائیں۔
مولانا حکیم الدین نے بتایا کہ پرانی دہلی ریلوے سٹیشن کے اندر جاکر جمعیۃ کی ٹیم نے ان کو روانہ کیا۔