نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی آج دارالحکومت میں صبح 10:30 بجے قومی تربیتی کانفرنس کا افتتاح کریں گے، جس میں انتظامی افسران کے تربیتی نظام میں بہتری پر بات ہوگی۔ راجدھانی کے پرگتی میدان کے بین الاقوامی نمائش اور کنونشن سینٹر میں منعقد ہونے والی اس کانفرنس کے افتتاح کے موقع پر وزیر اعظم کا خطاب بھی ہوگا۔
کیپسٹی بلڈنگ کمیشن کی طرف سے قومی تربیتی کانفرنس کا انعقاد ملک بھر میں انتظامی خدمات کے تربیتی اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے اور انتظامی افسران کے لیے تربیتی انفراسٹرکچر کو مضبوط ذکرنے کے مقصد سے کیا جا رہا ہے۔
وزیر اعظم کے دفتر کی طرف سے ہفتہ کو جاری کردہ ایک ریلیز کے مطابق مودی سول سروس کی صلاحیتوں کی تعمیر کے ذریعے ملک میں گورننس اور پالیسی کے نفاذ کے عمل میں بہتری پر زور دے رہے ہیں۔ اس سوچ کے ساتھ حکومت نے انتظامی خدمات کی صلاحیت سازی کے لیے قومی پروگرام (این پی سی ایس سی بی) - ’مشن کرمایوگی‘شروعات کی ہے، تاکہ صحیح رویہ، مہارت اور علم کے ساتھ مستقبل کی ضروریات کے مطابق ایک انتظامی خدمات کی تشکیل کی جا سکے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ یہ کانفرنس اس سمت میں ایک بڑا قدم ہے۔
کانفرنس میں مرکزی تربیتی ادارے،ریاستی انتظامی تربیتی ادارے،علاقائی اور ڈویژنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اور ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے 1500 سے زائد مندوبین حصہ لیں گے۔ مرکزی حکومت کے محکمے مشاورت،ر یاستی حکومتوں، مقامی حکومتوں کے انتظامی افسران کے ساتھ ساتھ نجی شعبے کے ماہرین بھی حصہ لیں گے۔
کانفرنس میں آٹھ پینل میں باتیں ہوں گی، جس میں سے ہر ایک انتظامی خدمات کے تربیتی اداروں سے متعلق موضوعات پر، جیسے فیکلٹی کی ترقی، تربیتی اثرات کی تشخیص اور مواد کی ڈیجیٹلائزیشن وغیرہ پر توجہ مرکوز کرے گی۔
یو این آئی۔