نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی سرکاری ٹیلی کام کمپنی بھارت سنچار نگم لمیٹڈ (بی ایس این ایل) کے چنئی سے انڈومان نکوبار تک سمندر کے اندر آپٹیکل فائبر کیبل پروجیکٹ کا کل افتتاح کریں گے۔
بی ایس این ایل نے آج یہاں جاری بیان میں کہا کہ 2312کلومیٹر لمبے اس پروجیکٹ سے انڈومان نکوبار اور اس کے آس پاس کے جزیرہ علاقوں میں تمام قسم کی ٹیلی کام خدمات آسان اور تیز ہوجائیں گی۔
موبائل کے لئے 4 جی سروس بھی ملنے لگے گا۔ اس کے علاوہ انٹرنیٹ کی اسپیڈ پہلے کے مقابلہ کافی زیادہ ہوجائے گی۔ چنئی سے پورٹ بلیئر تک سمندر کے اندر کیبل بچھانے پر تقریباً 1225کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے۔
مودی کل صبح اس کا افتتاح کریں گے اورمواصلات، الیکٹرانکس اینڈ انفارمیشن ٹکنالوجی کے وزیر روی شنکر پرساد بھی اس پروگرام سے خطاب کریں گے۔