ہریانہ کے نائب وزیر اعلی دشینت چوٹالہ 22 نومبر کو میوات کے بڑکلی چوک آنے والے ہیں۔ اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے میوات کے لوگ اپنے کٹ مطالبے کو مضبوطی سے ان کے سامنے رکھنا چاہ رہے ہیں۔ گزشتہ دنوں بھی آر ٹی آئی منچ کے زیر اہتمام کئی احتجاجی دھرنے منعقد کیے جا چکے ہیں۔
میگا ایکسپریس وے کے لیے حکومت کی جانب سے ایک ضلع میں صرف ایک ہی کٹ (راستہ) دینے کی اجازت دی گئی ہے۔ ایسے میں نوح ضلع کے بیچوں بیچ واقع مروڑا گاؤں میں کٹ کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
حکومت کا یہ منصوبہ ہے کہ میگا ایکسپریس وے کے ذریعے پسماندہ علاقوں میں ترقی کی راہ ہموار ہو سکے۔ لیکن جب متعلق پسناندہ علاقے میں میگا ایکسپریس وے سے کوئی کٹ نا ہو تو وہاں کی ترقی کیسے ممکن ہے؟
محترمہ سبیلہ صدر آر ٹی آئی منچ نے کہا کہ اگر ہمارا یہ مطالبہ پورا نہیں کیا گیا تو ہم عورتیں زیادہ سے زیادہ تعداد میں اکٹھا ہوں گی اور دن بدن یہ دھرنا بڑھتا جائے گا۔
ساتھ ہی آر ٹی آئی منچ کے سرپرست راج الدین جنگ نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ دہلی ممبئی میگا ایکسپریس وے پر دو ہائی وے ملتے ہیں اس لیے ہمیں مروڑا گاؤں میں ہر حال میں کٹ (راستہ) چاہیے یہ بڑا علاقہ ہے اور اس کی ترقی کے لئے یہ کٹ بہت ہی ضروری ہے۔