دہلی میں ملک کے سب سے بڑے ہسپتال ایمس میں آج بلڈ ڈونیشن کیمپ (خون کے عطیہ کا کیمپ) کا انعقاد کیا گیا۔ بلڈ ڈونیشن کیمپ پروگرام کا آغاز قومی ترانے کے ساتھ صبح 07.45 بجے ہوا۔
اس پروگرام میں سی آئی ایس ایف، سی آر پی ایف، بی ایس ایف اور آئی ٹی بی پی کے سیکڑوں جوان، ایمس کے تمام طبقات کے ملازمین سمیت ملک کی نیم فوجی دستوں کے ڈائریکٹرز جنرل، دہلی کی متعدد سرکاری اور سماجی تنظیموں نے اپنے خون کا عطیہ دیکر کامیاب بنایا۔
ایمس آرتھو ڈپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر راجیش ملہوترا نے کہا کہ اس بلڈ ڈونیشن کیمپ میں میں لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جو کافی خوش ائندہ بات ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے کیمپ لگانے سے ان لوگوں کی امیدوں میں اضافہ ہوتا ہے جو خون کی کمی کی وجہ سے اپنا علاج نہیں کروا پاتے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سی آئی ایس ایف کے ڈی جی راجیش رنجن، جو اس میگا بلڈ ڈونیشن کیمپ میں شامل ہونے آئے تھے، نے کہا کہ ان کے افسران اور جوان ہمیشہ اس طرح کے سماجی پروگراموں میں بڑے پیمانے پر حصہ لیتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ آج منعقد کیے گیے کیمپ میں دو ہزار سے زیادہ فوجی جوانوں اور رضاکاروں نے اپنے خوان کا عطیہ دیا۔