نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمنٹ منوج تیواری اور دہلی کے سابق وزیر اور بی جے پی لیڈر کپل مشرا نے منگل کو دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا اور وزیر صحت ستیندر جین کے استعفوں پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر وزیر اروند کیجریوال کو بھی استعفیٰ دینا چاہئے۔ رکن پارلیمان منوج تیواری نے ایک ٹویٹ میں کہاکہ 'سپریم کورٹ کی پھٹکار کی وجہ سے عام آدمی پارٹی کو راتوں کی نیند نہیں آئی۔ منیش سسودیا اور ستیندر جین کو آخر کار استعفیٰ دینا پڑا۔ کیجریوال جی، اخلاقیات کی بنیاد پر آپ کا استعفیٰ بھی بنتا ہے۔'
بی جے پی کے رہنما کپل مشرا نے ٹویٹ کیاکہ 'دہلی کے لوگوں کی جیت ہوئی ہے، بدعنوان وزراء منیش سیسودیا اور ستیندر جین کو کابینہ سے استعفیٰ دینا پڑا، جیل سے حکومت چلانے کے گناہ کو روکنا پڑا، بدعنوان وزراء کو بچانے کی کیجریوال کی تمام کوششیں ناکام ہوگئیں۔' بی جے پی لیڈر مشرا نے کہاکہ “سپریم کورٹ نے واضح طور پر کہا ہے کہ منیش سسودیا کے خلاف بدعنوانی کا سنگین معاملہ ہے اور انہیں کوئی چھوٹ نہیں دی جا سکتی۔ سپریم کورٹ نے سسودیا کو تحقیقات کا سامنا کرنے اور قانونی عمل کی پیروی کرنے کا مشورہ دیا۔' یہ صاف ہے کہ منیش سسودیا کو دہلی میں کی گئی لوٹ مار اور بدعنوانی کا جواب دینا پڑے گا۔ اہم بات یہ ہے کہ منیش سسودیا کو سی بی آئی نے مبینہ ایکسائز اسکام کیس میں طویل پوچھ گچھ کے بعد اتوار کو گرفتار کیا تھا، جب کہ اے اے پی کے وزیر صحت جین پہلے ہی منی لانڈرنگ کیس میں دارالحکومت کی تہاڑ جیل میں بند ہیں۔
یو این آئی