نئی دہلی: دہلی کے سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے جیل سے لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ اگر ہر غریب کے بچے کو تعلیم ملے گی تو 'چوتھی پاس راجہ' کا محل ہل جائے گا۔ وزیر اعلی اروند کیجریوال نے آج سابق وزیر تعلیم منیش سسودیا کی طرف سے جیل سے لکھے گئے خط کو ٹویٹ کیا ہے۔ منیش سسودیا نے نظم نما خط میں لکھا ہے کہ اگر ہر غریب کا بچہ پڑھ گیا تو 'چوتھی پاس راجہ' کا محل بھی ہل جائے گا۔ اس سے پہلے بھی منیش سسودیا جیل سے خط لکھ چکے ہیں۔ ان خطوط میں بھی انہوں نے ملک کی ترقی کے لیے تعلیم پر زور دینے کی بات کہی ہے۔
دہلی کے سابق وزیر تعلیم نے لکھا ہے کہ اگر ہر غریب کو مل جائے کتاب تو نفرت کی آندھی کون پھیلائے گا، اگر سب ہاتھوں کو مل گیا کام تو سڑکوں پر تلواریں کون لہرائے گا، اگر پڑھ گیا ہر غریب کا بچہ تو چوتھی پاس راجہ کا محل ہل جائے گا۔'انہوں نے لکھا ہے کہ اگر پڑھ گیا سماج کا ہر بچہ تو وہ آپ کی چالاکیوں اور شرارتوں پر سوال اٹھائے گا، اگر غریب کو مل گئی قلم کی طاقت تو وہ اپنی 'من کی بات' سنائے گا۔ اگر پڑھ گیا غریب کا ایک ایک بچہ تو چوتھی پاس راجہ کا راج محل ہل جائے گا۔
یو این آئی