نئی دہلی: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو نوٹس بھیج کر 2 نومبر کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا ہے۔
دہلی کی نئی شراب پالیسی معاملے میں ای ڈی اروند کیجریوال سے پوچھ گچھ کرے گی۔ اس سے قبل مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) اپریل کے مہینے میں دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو پوچھ گچھ کے لیے بلا چکی ہے۔
دہلی کے سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا اور عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سنجے سنگھ اس وقت دہلی شراب گھپلہ کیس میں جیل میں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: منیش سسودیا کی ضمانت کی درخواست مسترد
دہلی کے ایکسائز ڈپارٹمنٹ کے وزیر رہتے ہوئے مسٹر منیش سسودیا نے مارچ 2021 میں نئی ایکسائز پالیسی کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ نئی پالیسی کے تحت شراب کی فروخت میں حکومت کا کوئی کردار نہیں ہوگا۔ صرف نجی دکانوں کو شراب فروخت کرنے کی اجازت ہوگی۔ اس کے لیے کم از کم 500 مربع فٹ رقبہ میں دکانیں کھولی جائیں گی اور دکان کا کوئی کاؤنٹر سڑک پر نہیں ہوگا۔ شراب کی دکانوں کا سامان دہلی میں فروخت کیا جائے گا،نئی پالیسی سے انہوں نے آمدنی میں 1500-2000 کروڑ روپے کے اضافے کی توقع ظاہر کی تھی۔
یو این آئی۔