نوراتری کے دوران گوشت کی فروخت پر پابندی کے حکم پر دہلی اقلیتی کمیشن نے تینوں کارپوریشنز کے میئر اور کمشنرز سے جواب طلب کیا تھا۔ دہلی کے تینوں کارپوریشنوں کے میئر اور کمشنر میں سے کوئی بھی دہلی اقلیتی کمیشن میں پیش نہیں ہوا البتہ دو وکلا کارپوریشن کی جانب سے ضرور حاضر ہوئے تھے جس کے بعد تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کے لیے دہلی اقلیتی کمیشن کی جانب سے انہیں نئی تاریخ دے دی گئی ہے۔ Lawyers of Delhi Corporations
نوراتری کے دوران گوشت کی دکانیں بند کرنے کے حکم کے خلاف دہلی اقلیتی کمیشن نے تینوں میونسپل کارپوریشنز کے میئر سمیت تینوں کمشنرز کو نوٹس جاری کر جواب طلب کیا تھا کہ تہواروں کے دوران گوشت کی دکانیں بند کرنے کا حکم کس بنیاد پر دیا گیا اس پر ایس ڈی ایم سی سمیت ای ڈی ایم سی اور این ڈی ایم سی کو 8 اپریل کی دوپہر 3 بجے دہلی اقلیتی کمیشن میں پیش ہونا تھا لیکن اطلاعات کے مطابق تینوں کارپوریشنز کے میئر اور کمشنر میں سے کوئی بھی دہلی اقلیتی کمیشن میں پیش نہیں ہوا البتہ دو وکلا کارپوریشن کی جانب سے ضرور حاضر ہوئے تھے جس کے بعد تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کے لیے دہلی اقلیتی کمیشن کی جانب سے انہیں نئی تاریخ دے دی گئی ہے۔
اب یہ دیکھنا ہوگا کہ کیا دہلی اقلیتی کمیشن کی جانب سے کارپوریشنوں کے میئر اور کمشنرز کے خلاف کوئی کارروائی کی جائے گی؟ چونکہ نوراتری کے دوران گوشت کی دکانیں بند رکھنے کے لیے ایس ڈی ایم سی کی میئر نے کمشنر کو خط لکھا تھا جس کے بعد سے ہی یہ معاملہ طول پکڑنے لگا تھا۔ اس پورے معاملے پر ای ٹی وی بھارت کے نمائندہ نے دہلی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین سے بات کرنے کی کوشش کی لیکن ان سے بات نہیں ہو پائی کیونکہ چیئرمین پہلے ہی کسی ضروری میٹنگ کی وجہ سے دفتر میں نہیں تھے۔ نمائندے نے تقریباً 2 گھنٹے انتظار بھی کیا لیکن وہ دفتر واپس نہیں آئے۔ قابل ذکر ہے کہ دہلی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین ذاکر خان نے ایس ڈی ایم سی کے میئر کو دو روز قبل ہی نوٹس جاری کیا تھا جس میں 8 اپریل کی دوپہر میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا تھا۔