ڈاکٹر ہرش وردھن نے آج سنڈے سمواد میں کہا کہ اگر بزرگوں، بچوں، حاملہ خواتین اور دیگر بیماریوں میں مبتلا افراد کی آکسیجن سطح میں کمی پائی جاتی ہے تو انھیں فوراً ڈاکٹر کے پاس لے جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پلس آکسیمیٹر جسم میں ایس پی او۔2 یعنی آکسیجن کے سَیچوریشن کی سطح کی پیمائش کرتا ہے۔ صحتمند افراد میں یہ 95 سے 100 فیصد کے درمیان رہتا ہے۔ جسم میں آکسیجن کی ایک خاص سطح کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ وہ اچھی طرح اپنا کام کر سکے۔
ہندوستانی بازار میں چین کی تیار کردہ پلس آکسمیٹر کی بہتات ہونے اور اس کے معیار کی جانچ کرنے کے سلسلے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صارفین کو بازار سے یا آن لائن فروخت کنندگان سے پلس آکسمیٹر خریدتے وقت ایف ڈی اے/ سی ای کی منظور کردہ اشیاء اور ان کے ساتھ آئی ایس او/آئی ای سی خصوصیات کو دیکھنا چاہیے۔
انہوں نے ہر کسی کو نو راتری کی مبارکباد دیتے ہوئے گذارش کی کہ وہ وزیر اعظم کی عوامی مہم کی اپیل کا احترام کریں اور دیگر افراد کے لیے ایمبیسڈر بن کر کووِڈ۔19 دوستانہ سلوک پر مکمل عمل درآمد کریں۔ انہوں نے اپنی گذارش دہرائی کہ ہر شخص تہوار کو روایتی ڈھنگ سے اپنے گھروں میں عزیز و اقارب کے ساتھ منائے۔
چین کے اس دعوے پر کہ گذشتہ برس کئی ملکوں میں نوویل کورونا وائرس پھیلا تھا، ڈاکٹر ہرش وردھن نے کہا ‘اس دعوے کو سچ ثابت کرنے کے لیے کوئی ثبوت نہیں ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ اب بھی مانا جاتا ہے کہ دنیا میں کورونا کا پہلا کیس سب سے پہلے چین کے شہر وُہان میں رپورٹ ہوا‘۔
ڈاکٹر ہرش وردھن نے اس بات پراطمینان ظاہر کیا کہ وزارت صحت وبا کے دوران آن لائن ایجوکیشن کے معاملے پیچھے نہیں ہے۔ ہندوستان میں میڈیکل کالج اور صحت ادارے ایم بی بی ایس طلبا کے لیے آن لائن کلاسز چلا رہے ہیں جن کی منظوری نیشنل میڈیکل کمیشن دی ہے۔ وزارت نے کووِڈ۔19 کے مد نظر پوسٹ گریجویٹ میڈیکل طلبہ کے داخلہ ٹیسٹ کے لیے اسٹیڈرڈ آپریٹنگ پروسیزر (ایس او پی) جاری کر دی ہیں۔
مرکزی وزیر نے اخبار سے کورونا وائرس کا خطرہ ہونے کے سلسلے میں پوچھے جانے پر یقین دلایا کہ کوئی اس طرح کا سائنسی ثبوت نہیں ہے کہ اخبار سے کورونا وائرس کا پھیلاؤ ہوتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اخبار پڑھنا کووِڈ۔19 وبا کے دوران مکمل محفوظ ہے۔