دروغ گوئی اور پروپیگنڈا کے اس دور میں خبروں پر اعتبار اور یقین کرنا آسان نہیں رہا۔ سچی اور اچھی خبر کی تلاش مشکل ہو چکی ہے۔ اس دور میں بھی زمینی سطح سے رپورٹنگ کے ذریعے اپنی شناخت قائم کرنے والے موجود ہیں جن کی خدمات کا اعتراف کر کے ان کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔
ایسے ہی ایک کولکاتا کے صحافی ہیں کامران جنہیں ان کی بے باک خبروں اور رپورٹس کی بنیاد پر دہلی کے کانسٹیٹیوشنل کلب میں اعزاز سے نوازا گیا۔
تقریب کے بعد خصوصی گفتگو میں ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کامران نے بتایا کہ 'اس اعزاز کے لیے مجھے کولکاتا سے بلایا گیا جو مجھے فخر کا احساس دلاتا ہے اور یہ اعزاز میرے لئے حوصلہ افزائی کا باعث ہے کیونکہ میرے کام کو سراہا گیا ہے۔ اس سے یقیناً مجھے اپنی ذمہ داریوں کو مزید احسن طریقے سے انجام دینے میں تقویت ملے گی۔'
کھدر پور کولکاتہ کے رہنے والے کامران نے بتایا کہ 'وہ آج کے پرہری نیوز کے کولکاتہ میں اسسٹنٹ بیورو چیف ہیں۔کولکاتہ میں رہ کر ہندی کی صحافت کرتے ہیں اور اردو بھی سمجھتے ہیں۔'
یہ بھی پڑھیں: دہلی: مختلف شعبہ کے اہم شخصیات کو اعزازسے نوازا گیا
کامران کا مزید کہنا تھا کہ 'وہ زمینی سطح پر رپورٹنگ کرتے ہیں۔ اس لیے ان کی رپورٹس اور خبروں میں جھوٹ اور فیک کے عنصر نہیں ہوتے۔ یہ بھی سچ ہے کہ جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے اور وہ کبھی نہ کبھی بے نقاب ہوتا ہی ہے۔ اس وقت کی ہزیمت اٹھانے سے بہتر ہے کہ سچائی سامنے لائی جائے۔