نئی دہلی: دہلی پولیس نے شاہ آباد ڈیری قتل کیس میں ملزم ساحل کے ذریعے استعمال کیا گیا چاقو برآمد کر لیا ہے۔ پولیس نے یہ چاقو دہلی کے رٹھالہ سے برآمد کیا ہے۔ آؤٹر نارتھ کے ڈی سی پی روی کمار سنگھ نے خبر رساں ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ ملزم ساحل کے ذریعے استعمال کیا گیا چاقو برآمد کر لیا گیا ہے۔ ملزم نے واردات کے بعد چاقو پھینک دیا تھا۔ چاقو برآمد ہونے کے بعد کیس کی تفتیش میں آسانی ہوگی۔ اسے فرانزک جانچ کے لیے بھیجا جائے گا۔ واضح رہے دہلی پولیس نے اس معاملے میں مقتول لڑکی کے 10 سے زیادہ دوستوں کے بیانات درج کیے ہیں۔ اس کے علاوہ سی سی ٹی وی میں نظر آنے والے آٹھ لوگوں کی شناخت ہو گئی ہے۔ پولیس ان کے بیانات بھی ریکارڈ کر رہی ہے۔
ملزم نے ساکشی نام کی لڑکی پر چاقو کے 21 وار کیے تھے۔ اس کے بعد اسے ایک بڑے پتھر سے بھی پانچ بار کچلا تھا۔ واقعے کا سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگیا جس میں ملزم لڑکی پر وحشیانہ حملہ کر رہا تھا۔ واقعہ کے بعد ملزم جائے واردات سے فرار ہو گیا جسے دہلی پولیس نے اتر پردیش کے بلند شہر سے گرفتار کیا تھا۔ ملزم کو روہنی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں اسے پہلے دو دن کے لیے پولیس حراست میں بھیجا گیا، پھر جمعرات کو ریمانڈ ختم ہونے کے بعد پولیس کی حراست میں تین دن کی توسیع کر دی گئی۔
پولیس نے ملزم سے سختی سے پوچھ گچھ کی تو اس نے رٹھالہ کے علاقے میں چھری پھینکنے کا انکشاف کیا جو برآمد کر لیا گیا ہے۔ فی الحال پولیس کی تفتیش جاری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ بہت سے اہم شواہد بھی ہیں جنہیں پولیس کو جمع کرنا باقی ہے۔ اس واقعے کی اصل وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔