دہلی: موجودہ دور میں جب ایک بھائی اپنے دوسرے بھائی کی مدد کرنے سے کتراتا ہے ایسے وقت میں دہلی کے رہنے والے کاشف قریشی ان لوگوں کی مدد کے لیے آگے آئے ہیں جنہیں وہ جانتے بھی نہیں ہیں۔ کاشف جہاں رمضان المبارک کے اس مقدس مہینے میں مسلمان بھائیوں کے درمیان افطار کا سامان تقسیم کر رہے ہیں تو وہیں ہندو بھائیوں میں نوراتری کے ورت کے لیے بھی پھل سمیت تمام اشیا تقسیم کرتے نظر آ رہے ہیں۔ نمائندہ ای ٹی وی بھارت نے کاشف قریشی سے بات کی۔ کاشف قریشی نے بتایا کہ رمضان اور نوراتری ایک ساتھ ہونے کے سبب مارکیٹ میں پھلوں کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ایسے میں دہلی کے سنگم وہار میں رہنے والے طلباء کے لیے افطار اور ورت کے لیے پھل خریدنا کافی مشکل ہو گیا ہے جس کے بعد انہیں یہ خیال آیا کہ کیوں نہ ان طلباء کو مفت میں پھل تقسیم کیے جائیں۔
اس موقع پر ای ٹی وی بھارت کے نمائندہ نے ان لوگوں سے بھی بات کی جنہیں کاشف قریشی نے مفت پھل تقسیم کیے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ بہت ہی نیک ہے لیکن اب تک کسی نے بھی اس علاقے میں ایسا کام نہیں کیا تھا ہم ان کی خدمت کو سراہتے ہیں، ان کے اس قدم سے بہت سے ضرورتمندوں کی مدد ہوگی۔ نفرت کے اس دور میں جہاں مسلمانوں متعدد مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے وہیں کاشف قریشی بلا تفریق مذہب و ملت سبھی کی مدد کرکے ان کے درمیان محبت بانٹنے کا کام انجام دے رہے ہیں۔ کاشف بتاتے ہیں کہ جب پہلی بار انہوں نے روزے دار اور نوراتری کے ورت رکھنے والے ہندو بھائیوں کے لیے اس خدمت کا آغاز کیا تھا تب ان کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی تھی جس کے بعد دہلی، یوپی، بہار اور اتراکھنڈ سمیت متعدد ریاستوں سے لوگوں نے فون کرکے ان کی اس پہل کو سراہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : Delhiites Ran In The Millet Walkathon: صحت مند قوم کی تعمیر کی کوشش میں ملیٹ واک تھان میں دوڑے دہلی کے لوگ