نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ نے آج بارہویں جماعت(ریگولر) سائنس، آرٹس اور کامرس کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ تینوں شاخوں میں امتحان دینے والے طلبہ میں باون اعشاریہ تین پانچ فیصد لڑکے اور سینتالیس اعشاریہ چھہ پانچ فیصد لڑکیاں شامل تھیں۔ امتحان کے نتائج http://jmicoe.in پر دستیاب ہیں۔
سائنس شاخ میں محمد قادر نواب نے پنچانوے فیصد نمبرات کے ساتھ امتحان ٹاپ کیا ہے۔ راشد زماں کو تیرانوے اعشاریہ چھہ فیصد نمبرات کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل ہوئی جب کہ سدرہ بخاری کو تیرانوے اعشاریہ چار فیصد نمبرات کے ساتھ تیسرا مقام حاصل ہوا ہے۔
آرٹس میں زلیخا نے چھیانوے اعشاریہ آٹھ فیصد نمبرات کے ساتھ پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ شیخ وارث احمد ایاز پنچانوے اعشاریہ دو فیصد نمبرات کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کیا ہے اور کلثوم فاطمہ نے چورانوے اعشاریہ آٹھ فی صد نمبرات کے ساتھ تیسرا مقام حاصل کیا ہے۔
کامرس میں حنا، عفت اور ارحام نے بالترتیب پہلی دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ حنا کو امتحان میں چورانوے اعشاریہ چھے فیصد نمبرات ملے، عفت جہاں نے بانوے اعشاریہ آٹھ فی صد نمبرات حاصل کیے جبکہ ارحام خان کو اکیانوے اعشاریہ آٹھ فی صد نمبرات حاصل ہوئے ہیں۔
پروفیسر نجمہ اختر،شیخ الجامعہ جامعہ ملیہ اسلامیہ نے کامیاب طلبا کو مبارک باد دی اور ان کے روشن و تابناک مستقل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ طلبا ملک کی تعمیر میں بامعنی کردار نبھائیں گے اور ادارے کا نام روشن کریں گے۔
مزید پڑھیں:
- Jamia VC Congratulate Shruti Sharma: جامعہ وائس چانسلر نے شروتی شرما کے گھر پہنچ کر مبارک باد پیش کی
پروفیسر اختر نے کہاکہ جو طلبا چند نمبرات کی وجہ سے ٹاپ پوزیشن حاصل نہیں کرسکے ہیں انہیں ہمت نہیں ہارنی چاہیے اور خوب محنت کرکے زندگی میں در پیش آنے والے چیلنجز اور مقابلوں سے نمٹنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ انہوں نے امتحانات کو بہتر انداز میں انجام پذیر کرنے کے سلسلے میں پروفیسر ناظم حسین الجعفری، مسجل، جامعہ ملیہ اسلامیہ، ڈین اور دیگر فیکلٹی اراکین کی کوششوں کی ستائش کی۔ نتائج کے بروقت اعلان کے لیے انہوں نے کنٹرولر آف امتحانات کے اسٹاف اراکین کی کوششوں کی تعریف کی۔
سائنس شاخ میں نناوے اعشاریہ سات نو طلبا نے امتحان پاس کیا جبکہ آرٹس میں کل پاس کرنے والے طلبا سنتانوے اعشاریہ چھے چار فیصد ہیں اور کامرس میں کل اٹھانوے اعشاریہ دو چار فی صد طلبا نے امتحان پاس کیا ہے۔
سائنس اور آرٹس میں لڑکیوں نے لڑکوں سے بازی ماری ہے۔ سائنس میں ایک سو اڑسٹھ لڑکے اور ایک سو ستر لڑکیوں نے امتیازی نمبرات کے ساتھ فرسٹ ڈویژن حاصل کی ہے جب کہ بشمول لڑکے اور لڑکیاں کل ایک سو اکیاون طلبا نے سادہ فرسٹ ڈویژن حاصل کی ہے۔
آرٹس میں چھیانوے لڑکے اور ایک سو اٹھائیس لڑکیوں نے امتیازی نمبرات کے ساتھ فرسٹ ڈویژن حاصل کی ہے جب کہ ایک سو چودہ طلبا نے سادہ فرسٹ ڈویژن حاصل کی ہے۔کامر س میں چھیاسٹھ لڑکوں اور چونتیس لڑکیوں نے امتیازی نمبرات کے ساتھ فرسٹ ڈیویژن حاصل کی ہے جب کہ اڑسٹھ طلبا نے سادہ فرسٹ ڈویژن حاصل کی ہے۔
یو این آئی۔