نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ میں زیر تعلیم طلبا کے لیے راحت بھری خبر ہے۔ جامعہ انتظامیہ نے اپنے طلباء کے لیے ہاسٹل کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جامعہ ملیہ اسلامیہ نے اپنے طلباء کے لیے رہائشی ہاسٹل کو فروری کے پہلے ہفتے سے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پہلے چنندہ طلبا کا انتخاب کیا جائے گا جن کی فہرست کو 31 جنوری تک بورڈ پر چسپاں کردی جائے گی اور 6 فروری سے روم کا الاٹمنٹ شروع ہوجائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:
لیکن یاد رہے کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ انتظامیہ نے کورونا کی وجہ سے اسے مکمل طور پر بند کیا تھا جب ہاسٹل نہیں کھلا اور اسکول و کالج کھلنے کے بعد طلبا باہر رہنے پر مجبور ہیں۔ واضح رہے کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سینکڑوں طلبہ نے گزشتہ دنوں کیمپس کے ہاسٹلس کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا تھا جو عالمی وبا کووڈ۔19 کی وجہ سے دو سال سے بند پڑے ہیں۔ احتجاج کے دوران طلبہ نے نعرے بلند کیے اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ہاسٹل دوبارہ کھولیں‘‘ اور ’’جامعہ انتظامیہ جاگ جائے‘‘ اور دیگر نعری درج تھے۔
یاد رہے کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ میں طلبہ و طالبات کے ایک سے زیادہ ہاسٹل ہیں جن میں زیادہ سے زیادہ 4,000 طلبہ کی گنجائش ہے۔ یونیورسٹی کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ جے ایم آئی کی وائس چانسلر نے منظوری دی ہے کہ لڑکوں اور لڑکیوں کے تمام ہاسٹلس کو کھولنے کا عمل فوری طور پر شروع کیا جائے۔ دریں اثنا جامعہ کے ہاسٹل نہ کھلنے کی وجہ سے طلبا باہر مہنگے فلیٹس میں رہنے پر مجبور ہیں، جس کی وجہ سے جامعہ نگر علاقے میں مکان اور فلیٹس کے کرایہ کافی زیادہ بڑھ گئے ہیں۔