نئی دہلی، 19 جون (یو این آئی) کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے ہندو صحیفوں پر کروڑوں کتابوں کے پبلشرگیتا پریس گورکھپور کو گاندھی امن انعام دینے کی مخالفت کرتے ہوئے سخت تبصرہ کیا ہے۔
کانگریس کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج جے رام رمیش نے گیتا پریس کو یہ ایوارڈ دینے کے حکومت کے فیصلے پر سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیتا پریس کو 1921 کا گاندھی امن انعام دینا ونائک دامودر ساورکر اور مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کو عزت دینے کے مترادف ہے۔
اس سے پہلے، حکومت نے سماجی شعبے میں اس کی شاندار شراکت کے لیے گیتا پریس گورکھپور کو گاندھی امن انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ ایوارڈ کے تحت ایک کروڑ روپے کی رقم اور ایک توصیف دی جاتی ہے۔ گیتا پریس نے ایوارڈ کو قبول کرتے ہوئے اس کے تحت دی جانے والی رقم لینے سے یہ کہتے ہوئے انکار کردیا ہے کہ تنظیم کسی سے مالی مدد نہیں لیتی ہے۔ گیتا پریس 1923 میں قائم کیا گیا تھا اور اب تک اس نے 14 زبانوں میں 141 کروڑ کتابیں شائع کی ہیں جن میں بھگوت گیتا کی 16 کروڑ کتابیں بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ گیتا پریس کو گاندھی پیس پرائز دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ گیتا پریس انتظامیہ نے اس پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ گیتا پریس سے وابستہ لوگ بتاتے ہیں کہ ایسے کئی مواقع آئے جب گیتا پریس کو ایوارڈ دینے کی بات کہی گئی، لیکن آج تک گیتا پریس کو کبھی کوئی ایوارڈ نہیں ملا۔ ٹرسٹ بورڈ کو پہلی بار گاندھی امن انعام ملے گا، لیکن انعام کے ساتھ آنے والی ایک کروڑ کی رقم نہیں لی جائے گی۔ حکومت یہ رقم رضاکارانہ طور پر کہیں بھی خرچ کر سکے گی۔
یواین آئی۔