قومی دارالحکومت دہلی میں جمعیت علماء ہند کے مدنی حال میں ایک بین المذاہب اجلاس منعقد کیا گیا جس میں مختلف مذاہب کے رہنماؤں نے شرکت کرکے آپسی بھائی چارہ اور امن و آشتی کے پیغام کو عام کرنے کا عزم کیا۔ ملک میں حالات خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر کہا گیا کہ ہماری حکومت ہو یا ہمارے ملک کے بڑے لوگ ان کا ایک خواب ہے بھارت کو ایک وشو گرو کے طور پر دنیا بھر میں اپنی ایک شناخت بنائے لیکن اس شناخت کو وہ لوگ چھیننے کی کوشش کر رہے ہیں جو نفرت کے سوداگر ہیں۔ Interfaith Meeting Held in Delhi
جمعیت علماء ہند کے صدر مولانا محمود مدنی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو حالات ابھی ملک میں چل رہے ہیں اگر ایسے ہی چلتے رہے تو اس سے نقصان کسی مذہب یا خاص فرقہ کا نہیں بلکہ پورے ملک کا ہوگا۔ محمود مدنی نے ادے پور کے واقع کے حوالے سے کہا کہ میں بھی ایک مسلمان ہوں کوئی اگر یہ کہتا ہے کہ یہ ایکشن کا ری ایکشن ہے تو بے ایمان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کسی ری ایکشن کی اجازت نہیں دیتا، اجازت ہے تو اس کی ہے کہ آپ محبت کے پیغام کو عام کریں۔ کیونکہ نفرت کو نفرت سے نہیں مٹایا جا سکتا اس لیے اگر آگ لگی ہے تو ہمیں پانی سے اسے بجھانا ہوگا۔وہیں سوامی گوسوامی نے بتایا کہ جمعیت علماء ہند کے اس بین المذاہب اجلاس میں تمام مذاہب کے رہنماؤں نے آج یہاں یہ عزم کیا ہے کہ ملک میں جو توڑنے والی طاقتیں تشہیر کے ذریعے جو نفرت پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں ان کے خلاف ایک نئی نظریہ کے ذریعے ایک آندولن شروع کریں گے۔