آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (All India Majlis-E-Ittehad Ul Muslimeen) دہلی کے صدر کلیم الحفیظ نے پرانی دہلی میں بلیماران وارڈ آفس کا افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'آج تک دہلی کو وہ ترقی نہیں ملی جو اس کا حق تھا۔ مرکزی اور ریاستی حکومتیں کام کرنے کے بجائے اختیارات پر جنگ کرتی رہیں۔ دہلی کی عوام بنیادی سہولیات (Basic Facilities in Delhi) سے بھی محروم ہیں۔'
کلیم الحفیظ نے کہا کہ 'ملک کی پہچان اس کی دارالحکومت سے ہوتی ہے۔ کیونکہ دارالحکومت میں سرکارکے تمام اعلیٰ ذمہ دار رہتے ہیں۔ مگر ہمارے ملک کی دارالحکومت کی حالت اتنی خراب ہے کہ یہاں سانس بھی لینا دشوار ہے، جہاں پینے کا صاف پانی میسر نہیں وہاں دہلی حکومت شراب کے ٹھیکے کھول رہی ہے۔'
انہوں نے مزید کہا کہ 'بیروزگاری، غربت میں بھی ہر روز اضافہ ہورہا ہے، تعلیم کے میدان میں دنیا بھر میں ڈنکا پیٹنے والی کیجریوال سرکار کی دہلی میں کئی کئی کلومیٹر تک اسکول ہی نہیں ہیں۔ دہلی حکومت نے اشتہارات پر جتنی رقم خرچ کی ہے اتنی رقم میں کئی اسکول اور اسپتال کھولے جاسکتے تھے۔'
دہلی صدر مجلس (AIMIM Delhi President) نے کہا کہ پرانی دہلی جہاں شروع سے ہی مسلم ممبران اسمبلی رہے ہیں مختلف مسائل کا سامنا کررہی ہے۔ جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر ہر وقت بیماریوں کو دعوت دے رہے ہیں۔ ٹریفک جام کی وجہ سے دن میں نکلنا دشوار ہے۔ان مسلم نمائندوں کو قوم کی کوئی فکر نہیں ہے، ورنہ کیا وجہ ہے کہ اس علاقے کے اردو میڈیم اسکول دم توڑ رہے ہیں۔'
مجلس اتحاد المسلمین ایک ایسی جماعت ہے جس کے ایجنڈے میں سب سے اوپر مسلم، دلت اور مظلوم کے مسائل حل کرنا ہے۔ اگر ایم سی ڈی الیکشن میں مجلس کے کارپوریٹرس کامیاب ہوتے ہیں تو رشوت پر لگام لگے گی۔ علاقوں میں آبادی کے تناسب سے اسکول کھولے جائیں گے۔ صحت و صفائی کا نظام بہتر کیا جائے گا،ہر کسی کے ساتھ انصاف ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: MIM Delhi President Kaleemul Hafeez: سی اے اے کو واپس لینا ہی ہوگا
بلیماران دفتر پہنچنے پر اے آئی ایم آئی ایم دہلی صدر کا پرجوش نعروں کے ساتھ استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر مجلس کے ریاستی اور مقامی ذمہ داران کے علاوہ بڑی تعداد میں مقامی افراد نے شرکت کی۔