نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا کہ دارالحکومت اب الیکٹرک بسوں کے معاملے میں ملک میں نمبر 1 بن گئی ہے۔
کیجریوال نے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ کے ساتھ منگل کو 400 نئی الیکٹرک بسوں کو ہری جھنڈی دکھانے کے بعد نامہ نگاروں سے کہا کہ آج دہلی کے لوگوں کے لیے بہت خوشی کا دن ہے۔ آج سے 400 مزید ای بسیں دہلی کی سڑکوں پر آچکی ہیں جبکہ دہلی کی سڑکوں پر پہلے ہی 400 ای بسیں چل رہی تھیں۔ اب دہلی کی سڑکوں پر 800 جدید اور ایئر کنڈیشنڈ ای بسیں چلنا شروع ہو گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی دہلی ملک کا وہ شہر بن گیا ہے جہاں سب سے زیادہ ای-بسیں چل رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دسمبر 2023 تک دہلی حکومت کی 1900 الیکٹرک بسیں سڑکوں پر ہوں گی۔ دہلی 800 ای-بسوں کے ساتھ ملک میں سب سے زیادہ ای-بسوں والا شہر بن گیا ہے اور 1900 ای-بسوں کے آنے کے بعد دہلی کا نام دنیا کے ان منتخب شہروں میں ہو گا جہاں زیادہ الیکٹرک بسیں چلتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پانچ نئے محلہ کلینک دہلی کے لوگوں کے لیے وقف، کیجریوال
وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ الیکٹرک بسیں تمام جدید سہولیات سے آراستہ ہیں۔ تمام بسیں ایئر کنڈیشنڈ ہیں۔ معذور افراد کے لیے ایک ریمپ بنا ہوا ہے۔ جب ایک معذور شخص کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے ضروری ہو تو پوری بس جھک جاتی ہے۔ بسوں میں سٹیپلیس باڈی ہے جو لوگوں کو سہولت فراہم کرتی ہے۔ ہر بس میں تین سی سی ٹی وی کیمرے ہیں۔ خواتین کی حفاظت کے لیے ایک پینک بٹن ہے۔ ہر بس کا کنٹرول روم کے ساتھ دو طرفہ کمیونکیشن ہے۔
یواین آئی۔