واشنگٹن: کم از کم 10 ہندوستانی نژاد امریکی افراد نے ملک کے کئی علاقوں میں منعقدہ مقامی اور ریاستی سطح کے انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے، جو نسلی برادری کی بڑھتی ہوئی سیاسی بااختیاریت کو ظاہر کرتی ہے جو امریکہ کی ایک فیصد سے کچھ زیادہ آبادی پر مشتمل ہے۔ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے ہندوستانی نژاد امریکی افراد میں تقریباً سبھی ڈیموکریٹس ہیں۔
ورجینیا میں حیدرآباد میں پیدا ہونے والی غزالہ ہاشمی مسلسل تیسری بار ریاستی سینیٹ کے لیے منتخب ہوئیں۔ غزالہ ہاشمی ورجینیا ریاست کی قانون سازی کے لیے منتخب ہونے والی پہلی ہندوستانی نژاد امریکی مسلم خاتون ہے۔ سوہاس سبرامنیم ورجینیا اسٹیٹ سینیٹ کے لیے دوبارہ منتخب ہو گئے ہیں۔ وہ 2019 اور 2021 میں دو میعادوں کے لیے ہاؤس آف ڈیلیگیٹس کے لیے منتخب ہوئے تھے۔ اوباما انتظامیہ کے دوران وائٹ ہاؤس میں ٹیکنالوجی پالیسی کے سابق مشیر، ہیوسٹن میں پیدا ہونے والے سبرامنیم ورجینیا ہاؤس کے لیے منتخب ہونے والے پہلے ہندو ہیں۔
تاجر رہنما کنن سری نواسن نے ہندوستان-امریکی غلبہ والے لاؤڈن کاؤنٹی کے علاقے سے ورجینیا ہاؤس آف ڈیلیگیٹس کے لیے منتخب ہوئے ہیں۔ ورجینیا میں انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے تینوں افراد کا تعلق ڈیموکریٹک پارٹی سے ہے۔ کنن سری نواس نے 90 کی دہائی میں ہندوستان سے ہجرت کی تھی۔
نیو جرسی میں ہندوستانی نژاد امریکی ون گوپال اور راج مکھرجی ریاستی سینیٹ کے لیے منتخب ہوئے ہیں۔ دونوں ہی ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں۔ ہندوستانی نژاد امریکی بلویر سنگھ ایک استاد ہے نیو جرسی کے برلنگٹن کاؤنٹی بورڈ آف کاؤنٹی کمشنر کے لیے دوبارہ منتخب ہوئے ہیں۔ پنسلوانیا میں مقیم ڈیموکریٹک سے تعلق رکھنے والے نیل مکھیجا نے منٹگمری کاؤنٹی کمشنر کے عہدہ کے لئے کامیابی حاصل کی ہے۔ مکھیجا کامن ویلتھ کی 342 سالہ تاریخ میں کاؤنٹی کے بورڈ آف کمشنرز میں خدمات انجام دینے والے پہلے ہندوستانی امریکی نژاد ہیں۔
ہندوستانی نژاد امریکی ڈاکٹر انیتا جوشی نے انڈیانا میں کارمل سٹی کونسل سیٹ کے لیے ویسٹ ڈسٹرکٹ کی سیٹ سے کامیابی حاصل کی ہے۔ ڈاکٹر جوشی واحد ڈیموکریٹ ہیں جنہوں نے ریپبلکن گڑھ میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ریاستہائے متحدہ میں پیدا اور پرورش پانے والی ہندوستانی نژاد امریکی پریا تاملراسن نے اوہائیو میں گہنا سٹی اٹارنی کے لیے انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے۔
مزید پڑھیں: جو بائیڈن نے 130 سے زائد بھارتی نژاد امریکیوں کو اہم عہدوں پر تعینات کیا
تمام 10 ہندوستانی نژاد امریکی امیدواروں نے انتخابات میں کامیابی کے بعد اپنے حلقوں کے لیے کام کرنے کا عہد کیا۔ سوہاس سبرامنیم نے کہا کہ "آج رات کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہماری کمیونٹی ایسی قیادت چاہتی ہے جو ہماری جمہوریت اور ہمارے حقوق اور ہر آواز کو سننے کو یقینی بنانے کے لیے سخت لڑائی لڑے"۔ ورجینیا اسٹیٹ کی سینیٹر غزالہ ہاشمی نے کہا کہ "ہم نے پچھلے چار سالوں میں ناقابل یقین ترقی کی ہے، اور ہمیں ابھی بھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ ہم اپنے اجتماعی مستقبل اور ایک ورجینیا کے لیے لڑتے رہیں گے جو زیادہ منصفانہ، زیادہ انصاف پسند، اور زیادہ ہمدرد ہو۔ ووٹرز اور حامیوں نے مجھ پر جو اعتماد کیا ہے اب وقت آگیا ہے کہ اگلے چار سالوں پر توجہ مرکوز کی جائے"۔