تبلیغی جماعت سے وابستہ 65 غیر ملکی افراد کو ہائی کورٹ نے دہلی حکومت اور دہلی پولیس کے وکیل کے بیان کے بعد دوسری جگہ منتقل کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
جسٹس وپن سنگھ اور رجنیش بھٹناگر کے بنچ نے یہ بیان دیا ہے، جس کے بعد پولیس نے کہا کہ انہیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔
ایڈوکیٹ منداکینی سنگھ اور عاشمہ منڈلا کے توسط سے دائر درخواست میں کہا گیا تھا 'میرج انٹرنیشنل اسکول میں رکھے ہوئے 65 غیر ملکی شہریوں کو وہاں کے انتظامات کے سلسلے میں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے'۔
ہائی کورٹ نے انہیں معراج پور کے میرج انٹرنیشنل اسکول سے ٹیکسن پبلک اسکول منتقل کرنے کی اجازت دی۔
بنچ نے یہ بھی مشاہدہ کیا کہ اس طرح کی ترامیم کے لیے درخواست گزاروں کو مستقبل میں براہ راست ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
واضح رہے کہ دہلی پولیس نے 35 ممالک سے تعلق رکھنے والے 910 غیر ملکی شہریوں کے سلسلے میں 47 چارج شیٹ داخل کی ہیں۔
مارچ میں کورونا وائرس کے پیش نظر لگائے گئے لاک ڈاؤن کے درمیان دہلی میں ایک بڑے اجتماع کے سامنے آنے کے بعد، مرکز حضرت نظام الدین سے تعلق رکھنے والے تبلیغی جماعت کے متعدد افراد کو حکام نے دہلی کے مختلف قرنطینہ مرکز میں منتقل کیا تھا، ان میں سے متعدد افراد کا کووڈ ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔