کورونا وائرس کے بحران کے پیش نظر سعودی عرب نے حج 2020 کو غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا ہے حالانکہ اب تک حج کی منسوخی کا اعلان نہیں ہوا۔
تاہم حج کے نہ ہونے کے امکانات کے مدنظر مرکزی حکومت نے عازمین حج کی فیس واپسی کی اجازت دے دی ہے۔ جس کا سیدھا مطلب یہ ہے کہ اس سال بھارت سے حج کے لئے سفر نہیں ہوگا۔
تاہم جن عازمین کا حج 2020 کے لئے انتخاب ہوا تھا، انہوں نے حج کمیٹی آف انڈیا سے درخواست کی ہے کہ اگر 2020 میں حج کا سفر نہیں کیا جا سکتا تو آئندہ سال 2021 میں انہیں سفر حج پر بھیجا جائے۔
ان عازمین نے درخواست کی ہے 'ان کی کچھ رقم محفوظ کر لی جائے اور انہیں آئندہ سال حج پرجانے کا موقع دیا جائے۔'
ان کا کہنا ہے 'حج کے لئے انتخاب بہت مشکل سے ہوتا ہے، کئی عازمین کئی سالوں تک اپنے نمبر کا انتظار کرتے ہیں اور پھر ان کا انتخاب ہوتا ہے، اگر امسال حج نہیں ہوتا ہے تو پھر یہ ضروری نہیں کہ آئندہ سال ان کا انتخاب ہو جائے، اس لئے ان کی رقم محفوظ کر لی جائے جائے اور انہیں آئندہ سال حج پربھیج دیا جائے'۔
جمعیت خدام حج کے محمد آصف نے ای ٹی وی بھارت سے ٹیلی فون گفتگو میں کہا کہ 'کئی عازمین ایسے ہیں جو کئی سالوں سے حج کے لئے کوشش کر رہے ہیں۔ خوش نصیبی سے ان کے نام قرعہ اندازی میں منتخب ہوئے ہیں تو ایسے عازمین کے لئے آئندہ سال پھرسے قرعہ اندازی میں شامل ہونا بہت مشکل ہوگا۔ ایسے عازمین کو جو امسال حج پر نہیں جاسکتے ہیں انہیں آئندہ سال بھیجنے میں کوئی حرج نہیں ہے'۔
اس تعلق سے خاص بات یہ ہے کہ کیرالہ حج کمیٹی، وزارت اقلیتی امور کو پہلے ہی ایک خط لکھ چکی ہے کہ جن لوگوں نے 2020 میں حج پر جانے کے عمل میں حصہ لیا ان کو 2021 میں حج پر بھیجنا چاہئے۔
اس تعلق سے حج کمیٹی آف انڈیا نے بتایا 'انہیں ایسے عازمین کو جو سال 2020 میں حج پر نہیں جاسکتے، ان کو 2021 میں حج پر بھیجنے کی کئی درخواستیں آئی ہیں، جس پر ابھی غور وفکر کیا جا رہا ہے'۔