راجناتھ سنگھ نے آج کسان احتجاج پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’حکومت، کسانوں سے مذاکرات کےلیے ہر وقت تیار ہے اور زرعی شعبہ کو نقصان پہنچانے کےلیے اقدامات کرنے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، حکومت کسانوں کے فائدہ کےلیے اصلاحات لانا چاہتی ہے‘۔
وزیر دفاع نے کہا کہ حکومت ہمیشہ کسان بھائیوں کی بات سننے کےلیے تیار ہے۔ حکومت ان کی بدگمانیوں کا ازالہ کرنا چاہتی ہے اور کئے گئے اصلاحات کی اہمیت پر ضمانت دینے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’حکومت نے ہمیشہ گفتگو اور بات چیت کےلیے اپنے دروازے کھلے رکھے ہیں‘۔
ملک بھر میں جاری کسان احتجاج کے درمیان راج ناتھ سنگھ کا بیان کافی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی وبا کورونا کے اثرات سے بچنے میں زراعت کا شعبہ کامیاب رہا۔
واضح رہے کہ زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کا احتجاج آج 19 ویں دن میں داخل ہوگیا جبکہ کسان آج ایک دن کی بھوک ہڑتال پر کر رہے ہیں اور نئے زرعی قوانین کو واپس لینے کے لیے حکومت پر دباؤ بنانے کے لیے ملک بھر میں تمام ضلع ہیڈ کوارٹرز میں احتجاجی مظاہرے بھی کیے گئے۔