نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے پیگاسس اور کسانوں کے معاملے پر پارلیمنٹ میں ہنگاموں کا جواز پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی اپنی ذمہ داریاں نبھارہی ہے اور حکومت کو پارلیمنٹ میں پیگاسس جیسے حساس معاملے پر جواب دینا چاہئے۔
گاندھی نے بدھ کے روز 14 اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پیگاسس کو اپنے عوام اور جمہوری اداروں کے خلاف بطور ہتھیار استعمال کررہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ ہتھیار دہشت گردوں اور ملک دشمنوں کے خلاف استعمال ہونا چاہئے تھا لیکن حکومت اسے جمہوری اداروں کے خلاف استعمال کررہی ہے۔
مزید پرھیں:Assam-Mizoram Violence: راہل نے کہا، وزیر داخلہ نے ملک کو ناکام بنا دیا
انہوں نے کہا کہ پیگاسس نہ صرف ان کے خلاف استعمال ہورہا ہے بلکہ اسے سپریم کورٹ، اپوزیشن رہنماؤں، صحافیوں اور کارکنوں وغیرہ کے خلاف بھی استعمال کیا جارہا ہے۔ راہل گاندھی نے سوال کیا کہ حکومت ایوان میں اس سنگین مسئلے پر بات کرنے سے کیوں بچ رہی ہے۔
کانگریس رہنما نے کہا کہ ان پر الزام لگایا جارہا ہے کہ ان کی پارٹی پارلیمنٹ کو کام نہیں کرنے دے رہی ہے۔ پیگاسس کے ذریعے ملک کی جمہوریت پر حملہ کیا جارہا ہے اس لیے ان کی پارٹی اس طرح کے معاملے پر سکون سے نہیں رہ سکتی، لہٰذا وہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اپنی ذمہ داریوں کو نبھارہی ہے۔