نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا کہ حکومت کورونا کی کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے، اس لیے اس کے بڑھتے ہوئے معاملات سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ کیجریوال نے محکمہ صحت سے اسپتالوں میں بستروں اور آکسیجن کی دستیابی اور دیگر چیزوں کے بارے میں دریافت کرنے کے لیے جمعہ کو ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی اور نامہ نگاروں کو بتایا کہ مرکزی حکومت نے تقریباً دو ہفتے قبل چھ ریاستوں کی نشاندہی کی تھی، جہاں کورونا زیادہ بڑھ رہا ہے۔ گجرات، مہاراشٹر، کیرالہ، کرناٹک، تمل ناڈو اور تلنگانہ میں کورونا کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔ ان ریاستوں کو مرکزی حکومت نے خصوصی ہدایات دی تھیں۔ دہلی ان چھ ریاستوں میں شامل نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہلی میں 15 مارچ کو کورونا کے تقریباً 42 معاملے تھے اور 15 دنوں کے اندر بڑھ کر 30 مارچ کو 295 ہو گئے۔ دہلی میں کورونا کیسز میں اچانک اضافے کو ہم نے پہلے ہی سمجھنے کی کوشش کی ہے، یہ کیوں بڑھ رہا ہے؟ دہلی میں اس وقت کووڈ کے 932 ایکٹیو کیسز ہیں۔ 30 مارچ کو 2363 نمونوں کی جانچ کی گئی تھی۔ دہلی میں کورونا کے صرف 295 معاملے ہیں۔ تاہم ابھی گھبرانے کی کوئی بات نہیں ہے۔ اس کے باوجود جو بھی قدم اٹھانے کی ضرورت ہے ہم اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے پاس کورونا کے جتنے بھی معاملے آرہے ہیں، ان کا ہم صد فیصد جینوم سیکوینسنگ کرا رہے ہیں۔ اس کے پیچھے مقصد یہ ہے کہ اگر کوئی بھی نیا ویرینٹ سامنے آتا ہے تو ہمیں پہلے سے معلوم ہو جائے گا کہ کوئی تشویش ہے یا نہیں۔
کیجریوال نے کہا کہ ویسے بھی کورونا سے پریشان ہونے کی کوئی بات نہیں ہے۔ پھر بھی ہماری طرف سے اس حوالے سے مکمل تیاری ہے۔ اس وقت کورونا کے بہت کم کیسز ہیں اور نہ ہی کوئی سنگینی ہے۔ پھربھی سرکاری اسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کے لیے 7986 بستر تیار ہیں۔ اس میں آکسیجن، وینٹی لیٹرز اور آئی سی یو بیڈ بھی شامل ہیں۔ ان 7986 بستروں میں سے صرف 66 بستروں پر مریض ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارے پاس آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کرانے کی پوری صلاحیت ہے۔ ہماری سرکاری لیبز میں روزانہ تقریباً چار ہزار آرٹی پی سی آر ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت ہے اور پرائیویٹ لیبز میں روزانہ ایک لاکھ سے زیادہ ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت ہے۔ دہلی میں ویکسینیشن کی کارکردگی بھی قومی اوسط سے بہتر رہی ہے۔ دہلی میں 18 سال سے زیادہ عمر کے تقریباً تمام لوگوں کو ٹیکہ لگایا گیا ہے۔
انہوں نے دہلی میں رہنے والے لوگوں کو یقین دلایا کہ دہلی کے لوگوں کو کورونا سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، حکومت گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی قسم کی صورتحال کا سامنا کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ انفلوئنزا اور سانس کی بیماری کے مریضوں کو ماسک پہننا چاہیے۔ تاہم ابھی تک مرکزی حکومت کی طرف سے ماسک لگانے کے بارے میں کوئی رہنما خطوط نہیں ہے۔ جیسے ہی مرکزی حکومت کی طرف سے گائیڈ لائن آئے گی، ہم اس پر عمل درآمد کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: Delhi Corona Cases دہلی میں کورونا کے بڑھتے کیسز پر وزیر صحت نے ہنگامی میٹنگ طلب کی
یو این آئی