بعض علاقے تجاوزات کرنے والوں کے چنگل میں یرغمال بنے ہوئے ہیں۔سڑکیں گم اور گلیاں غائب ہیں ۔ ایسا ہی ایک علاقہ ہے گاندھی نگر ،جہاں دکانداروں اور ریڑھی پٹری والوں نے تجاویزات سے درمیانی سڑک کو ہی غائب کردیا۔ریڈیمیڈ کپڑے کی مارکیٹ کے طور پر مشہور گاندھی نگر کی مین شاہ راہ پر لوگوں کا چلنا مشکل ہو گیا تھا۔
عوام کی بار بار شکایت پر عوام کو راحت بخشنے کے لیے دہلی میونسپل کارپوریشن اس سلسلے میں کئی بار گمشدہ سڑکوں کو تجاوزات سے آزاد کرانے کے لیے خصوصی مہم چلاتی رہی ہے۔
اسی ضمن میں آج بھی خصوصی ایکشن لیا گیا ۔بڑی پولیس نفری کے ساتھ میونسپل کارپوریشن کے عملہ نے گاندھی نگر مارکیٹ کا دورہ کیا۔ گاندھی نگر پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او انل ملک، نگم کونسلر رمیش گپتا ، ٹریفک پولیس آفیسر پون دیکشت اور متعلقہ محکموں کے دیگر افسران بھی اس میں شامل تھے۔ اس مہم کے دوران مرکزی بازار میں تجاوزات کو ختم کردیا گیا۔
تجاوزات سے پاک مہم کے لیے علاقے میں آنے والے ان افسران اور عملے کو دیکھ کر دکانداروں نے اپنا سامان اٹھا کر ادھر ادھر بھاگنا شروع کردیا ، اس کے باوجود کارپوریشن افسران نے پولیس کی موجودگی میں بہت سارا سامان ضبط کر لیا اور گاڑیوں میں بھر دیں۔
اس اقدام سے لوگوں کو راحت ضرور ملی لیکن علاقائی عوام کا خیال ہے کہ تجاوزات کو ختم کرنے کی مہم محض ایک شو ہے ، جیسے ہی یہ لوگ مارکیٹ سے دور ہوجاتے ہیں ، اس کے فورا بعد ہی مارکیٹ میں تجاوزات کا مرحلہ دوبارہ شروع ہو جاتا ہے۔
لیکن اب حکومت اور انتظامیہ کسی سے کوئی رعایت نہ کرے۔ روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ ہو ، جو دکاندار دوبارہ تجاوزات کرتا نظرآئے اسے فوری جرمانے اور سزا کا حکم دیا جائے۔