دہلی میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کورونا وائرس سے 400 مریض ہلاک ہوئے ہیں لیکن دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین اس بات سے خوش ہیں کہ اموات کے معاملے میں دہلی ملک بھر میں 17ویں مقام پر ہے۔
ماہ نومبر کے آغاز سے ہی مسلسل کورونا مریضوں کی اموات کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، ایک نومبر سے سات نومبر تک 401 کورونا مریضوں کی موت ہوئی ہے۔ یعنی روزانہ اوسطاً 57 سے زائد مریضوں کی موت واقع ہوئی ہے۔
وہیں سات اکتوبر تا سات نومبر کے درمیان اموات کا اوسط 44 سے زیادہ ہے، اس دوران گزشتہ ایک ماہ میں دہلی میں 1337 مریضوں کی موت ہوئی ہے۔
اس تعلق سے دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین کا کہنا ہے کہ ملک کے سبھی بڑے شہر جیسے ممبئی، کولکاتا، بینگلور سے موازنہ کیا جائے تو شرح اموات کے معاملے میں دہلی کا 17واں مقام ہے۔