سال 1993 میں اسمبلی کے قیام کے بعد سے 2013 تک ہونے والے پانچ انتخابات میں بی جے پی کا کرشنا نگر نشست پر مسلسل قبضہ رہا اور اس کے آگے کسی کی دال نہیں گلی لیکن 2015 کے اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی (آپ) نے اس سیٹ سے بی جے پی کو اکھاڑ پھینکا۔
پیشہ سے ڈاکٹر اور علاقہ میں ہی رہنے والے موجودہ مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کے وزیرڈاکٹر ہرش وردھن نے 1993 میں بی جے پی کی جانب سے اس سیٹ سے الیکشن لڑا اور زوردار کامیابی حاصل کی۔
انتخابات میں بی جے پی کو اکثریت ملی اور مدن لال کھرانہ کی حکومت میں ڈاکٹر ہرش وردھن کو وزیر صحت بنایا گیا۔ ان کی قیادت میں ملک میں پولیو خاتمہ کی مہم چلائی گئی اور بھارت اس بیماری سے آزاد ہوا۔
کانگریس بھی یہاں سے جیت کے لیے ہمیشہ کوشاں رہی اور اس نے ہر الیکشن میں امیدوار تبدیل کیا لیکن ڈاکٹر ہرش وردھن کی مقبولیت کے سامنے اس کی ایک نہیں چلی۔