سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج جسٹس مارکنڈے کاٹجو نے بھارت سے لائیو ویڈیو لنک کے ذریعہ مفرور ہیرا کاروباری نیرو مودی کی حوالگی کے معاملے میں نیرو مودی کی جانب سے گواہی دی۔ نیرو مودی پر کروڑوں روپئے کے پنجاب نیشنل بینک بدعنوانی سے متعلق دھوکہ دہی کا الزام ہے۔
جسٹس کاٹجو نے کہا کہ بھارت میں عدلیہ کی اکثریت بدعنوان ہے اور تفتیشی ایجنسیاں حکومت کی طرف مائل ہیں لہذا نیرو مودی کو بھارت میں منصفانہ سماعت کا موقع نہیں ملے گا۔
جسٹس کاٹجو کے ان دعوؤں کو بھارتی حکومت کی جانب سے استغاثہ نے چیلنج کیا تھا۔ برطانیہ کی کراؤن پراسیکیوشن سروس (سی پی ایس) نے بھارتی حکومت کی طرف سے جوابی کارروائی کی۔
پانچ روزہ سماعت کے آخری دن جسٹس سموئل گوجی نے جسٹس کاٹجو کی تفصیلی شہادت کی سماعت کے بعد کیس کو 3 نومبر تک ملتوی کردیا۔ 3 نومبر کو وہ بھارتی حکام کے ذریعہ پیش کردہ ثبوتوں کے تحت آگے کی سماعت کریں گے۔