اٹل بہاری واجپئی سنہ 1939 میں آر ایس ایس میں شامل ہوئے اور اس کے بعد 1942 میں عملی سیاست میں قدم رکھا۔
اٹل بہاری واجپئی بھارت کے 10ویں وزیر اعظم رہے۔ وہ لوک سبھا کے لیے 10 بار اور راجیہ سبھا کے لیے 2 بار منتخب ہوئے۔ واجپئی 2009 کے عام انتخابات تک عملی سیاست میں رہے جس کے بعد وہ سبکدوش ہوگئے۔
سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپئی دو بار ملک کے وزیر اعظم رہ چکے ہیں۔ پہلی بار مئی 1996 سے جون 1996 کے درمیان محض 13 دن کے وزیر اعظم رہے۔ دوسری بار 19 مارچ 1998 سے 22 مئی 2004 تک وزارتِ عظمیٰ کی ذمے داریاں نبھا چکے ہیں۔
واجپئی ملک کے صف اول کے سیاسی رہنما ہونے کے ساتھ ساتھ ہندی زبان کے بہترین شاعر بھی تھے۔ سیاسی مصروفیات میں بھی انہوں نے شاعری کو اپنے سینے سے لگائے رکھا۔
واجپئی جنہیں اعتدال پسند قائد کہا جاتا ہے انہوں نے اپنی شاعری میں بھی اپنے ان جذبات کی ترجمانی کی ہے۔ اپنے طویل سیاسی سفر میں واجپائی نے وقت کے ہر سلگتے مسئلے پر نظمیں لکھی ہیں۔