دہلی: فریضہ حج بیت اللہ 2023 کی ادائیگی کے بعد ہندوستانی حاجیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ آج صبح 9 بجکر 45 منٹ پر شروع ہو گیا ہے۔ دہلی امبارکیشن پوائنٹ پر پہلی پرواز آج صبح 9 بج کر 45 منٹ پر پہنچی۔ اس موقع پر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے حاجیوں کا استقبال کیا۔
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر اشفاق احمد عارفی کی جانب سے فراہم اطلاع کے مطابق دہلی امبارکیشن پوائنٹ سے کل 54 پروازوں سے دہلی کے علاوہ دیگر ریاستوں اتر پردیش، ہریانہ، اتراکھنڈ ، پنجاب، چنڈی گڑھ، جموں وکشمیر اور راجستھان وغیرہ کے حج بیت اللہ کے لئے روانہ ہونے والے 19399 عازمین حج اب فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد وطن واپس آرہے ہیں۔
سعودی ایئر لائینس کی پہلی پرواز حجاج کرام کو لیکر صبح 9 بجکر 45 پر دہلی کے اندرا گاندھی انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر اتری ہے۔ جس میں ریاست دہلی کے 96 اور اتر پردیش کے 279 عازمین شامل ہیں۔ اس موقع پر حجاج کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ کوثر جہاں حجاج کے استقبال کے لئے اپنی پوری ٹیم کے ساتھ ایئر پورٹ پر موجود تھی، انہوں نے حاجیوں کو ان کے اہل خانہ کے درمیان پہنچنے اور پر امن طریقے سے وطن واپسی کو یقینی بنانے کے لئے ایئر پورٹ کی تمام ایجنسیوں سے میٹنگ کر تمام ضروری اقدامات کئے۔
دریں اثناء دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے مطابق حجاج کو ایئر پورٹ سے اپنے اپنے گھر تک واپس لانے کے لئے پہنچنے والے اہل خانہ کو اپنی چھوٹی گاڑیاں/ کار میں ایئر پورٹ کے ٹرمنل 3 کے ملٹی لیول کار پارکنگ میں چارج کی ادائیگی کے ساتھ پارک کرنی ہوگی، جبکہ بڑی گاڑیاں مثلاً بس اور آٹو رکشا سے گھر تک واپس آنے والے حجاج کے اہل خانہ کو اپنی گاڑیاں پی ٹی سی پارکنگ میں روکنی ہوگی اور ایئر پورٹ سے ڈائیل کی بسوں کے ذریعہ وہاں تک آنا ہوگا، جس کے لئے حاجیوں اور ان کے لینے کے لئے آنے والے احباب سے کسی قسم کا کوئی چارج وصول نہیں کیا جائیگا۔ واضح ہو کہ دہلی سے جانے والے حجاج کرام کی وطن واپسی کا سلسلہ 3 جولائی سے شروع ہو کر 21 جولائی تک جاری رہےگا۔
یہ بھی پڑھیں: Haj 2023 دہلی کے عازمین حج کیلئے اضافی سہولیات کا بندوبست