دہلی: ای ٹی وی بھارت کے نمائندے محمد راحم نے پلوی وجے ونشی سے ان کے اس سفر سے متعلق بات چیت کی۔ نمائندے سے بات کرتے ہوئے پلوی نے بتایا کہ وہ مدھیہ پردیش کے ایک چھوٹے سے ڈسٹرکٹ بالا گھاٹ سے آتی ہیں۔ وہاں سول سروسز کے امتحانات کی تیاری کرنے کے لیے کوچنگ اکیڈمیز نہیں ہیں۔ اسی لیے انہیں نے دہلی کا رخ کرنا پڑا جہاں انہوں نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ریسیڈینشل کوچنگ اکیڈمی میں تربیت لیکر یہ کامیابی حاصل کی۔ حالانکہ پلوی اپنی اس کامیابی سے بالکل بھی مطمئن نہیں ہیں۔ اسی لیے انہوں نے آئندہ 28 مئی کو پری لیمز کے امتحانات میں دوبارہ بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پلوی کہتی ہیں کہ اب انہیں افسوس ہے کہ اگر وہ تھوڑی اور محنت کر لیتی تو شاید نتائج کچھ اور ہوتے۔ نمائندے سے بات کرتے ہوئے پلوی وجے ونشی نے کہا کہ ان کی اس کامیابی میں جامعہ کے رہائشی کوچنگ اکیڈمی نے ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔ آج وہ جس بھی مقام پر ہیں وہ سب جامعہ کی ہی بدولت ہے، کیونکہ یہاں نہ صرف کوچنگ کی سہولت فراہم کی جاتی ہے بلکہ وہ ماحول بھی دیا جاتا ہے جس میں بہتر تربیت ہو سکے۔
انہوں نے کہا جامعہ میں سول سروسز کر چکے طلباء کے ساتھ بات چیت کرنے کا بھی موقع فراہم کیا جاتا ہے۔ پلوی نے بتایا کہ سول سروسز کے امتحانات میں کامیابی کے لیے 18 سے 20 گھنٹے پڑھنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اس سے آپ بیمار ہو سکتے ہیں، میں 7 سے 8 گھنٹے ہی پڑھائی کیا کرتی تھی کیونکہ اگر آپ ایک دن میں 18 گھنٹے پڑھائی کرتے ہیں اور اس کے بعد آپ دوسرے دن پڑھائی نہیں کر پائیں گے لیکن اگر آپ 7 سے 8 گھنٹے پڑھتے ہیں تو آپ مسلسل اپنی تعلیم جاری رکھ سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: یو پی ایس سی امتحانات میں 31 مسلم امیدوار کامیاب